دنیا کے سب سے بڑے اور طاقتور انجن والے طیارے کی پہلی پرواز مکمل
دنیا کے سب سے بڑے طیارے ’اسٹریٹو لانچ‘ نے اپنی پہلی تجرباتی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں بوئنگ طیارے کے 6 انجن جتنی طاقت رکھنے والے دنیا کے سب سے بڑے طیارے ’اسٹریٹو لانچ‘ جس کے دو پروں کے درمیان فاصلہ ایک فٹ بال گراؤنڈ کے برابر ہے نے پہلی مرتبہ پرواز کی، جہاز کو آسمان میں دس کلومیٹر کی بلندی پر اڑایا گیا۔ یہ طیارہ بھاری بھرکم سٹیلائٹ کو لے جانے اور خلاء میں چھوڑنے کی حیران کن صلاحیت سے مالا مال ہے۔
اسٹریٹو لانچ کا منصوبہ مائیکرو سافٹ کے شریک بانی پال ایلن نے 2011 میں شروع کیا تھا اور اِس منصوبے کو آگے بڑھانے میں مشہور ایئرواسپیس کمپنی ’’اسکیلڈ کمپوزٹس‘‘ کے علاوہ ایلون مسک کی ’’اسپیس ایکس‘‘ کی تکنیکی معاونت بھی حاصل ہے۔ گزشتہ برس اس طیارے کو پرو ٹو ٹائپ کیلیفورنیا کے موہاوی صحرا میں بنے ایک وسیع ہینگر سے پہلی مرتبہ باہر لایا گیا تھا۔
Today the #Stratolaunch aircraft flew for 2.5 hours over the Mojave Desert, reaching a top speed of 189 mph. Check out the historic flight here: #StratoFirstFlight pic.twitter.com/x29KifphNz
— Stratolaunch (@Stratolaunch) April 13, 2019
اسٹریٹو لانچ کو بطورِ خاص سیارچہ بردار راکٹوں کو انتہائی بلندی پر پہنچا کر خلا کی سمت چھوڑنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جس سے خلائی سفر کے اخراجات بہت کم کیے جا سکیں گے۔ ناسا نے اس ایجاد کو خلائی ریسرچ کے لیے اہم کامیابی قرار دیا ہے جس سے سفری اخراجات نہایت کم ہوجائیں گے۔
The world’s largest airplane takes flight! @Stratolaunch @NASASpaceflight #stratolaunch pic.twitter.com/jmLs3mpztn
— Jack Beyer (@thejackbeyer) April 13, 2019
واضح رہے کہ اسٹریٹو لانچ کے بازوؤں کا پھیلاؤ 385 فٹ اور اونچائی 50 فٹ ہے جب کہ اس میں 28 دیوقامت پہیے (وہیل) لگے ہیں اور ہر پہیہ کسی ٹرک جتنی جسامت کا ہے۔ علاوہ ازیں اس میں بوئنگ 747 مسافر بردار طیارے میں نصب ہونے والے 6 عدد طاقتور جیٹ انجن بھی لگائے گئے ہیں جو مجموعی طور پر 500,000
پونڈ سے بھی زیادہ پے لوڈ کو ہزاروں فٹ کی بلندی تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔