فیس بک پر دوستی، لڑکی نے ملاقات کیلئے بلا کر لڑکے کے ساتھ کیا کردیا؟ سوشل میڈیا کے ذریعے غیر ملکی حسیناﺅں سے ہونے والی شادیوں کے موسم میں حیرت انگیز خبر آگئی
ایک طرف تو غیر ملکی حسینائیں سوشل میڈیا پر دل ہارنے کے بعد پاکستان آکر نوجوانوں سے شادیاں کر رہی ہیں تو دوسری طرف پاکستانی حسینائیں کچھ زیادہ ہی شاطر اور چالاک واقع ہورہی ہیں۔ جس کا عملی مظاہرہ سرگودھا میں اس وقت دیکھنے میں آیا جب لڑکی نے اپنے فیس بک فرینڈ کو بلا کر اسے لوٹ لیا۔
چکوال کے رہائشی عاصم بلال کی فیس بک پر لڑکی سے دوستی ہوئی جس نے اسے سرگودھا کے علاقے پھلروان میں ملنے کے بہانے بلایا ۔ جب عاصم لڑکی کی بتائی جگہ پر پہنچا تو وہاں لڑکی کے رشتہ دار آگئے جنہوں نے نوجوان کو پہلے تو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تشدد کا نشانہ بننے والے عاصم بلال نے مقدمہ درج کرنے کے لئے پھلروان پولیس کو درخواست دیتے ہوئے بتایا ہے کہ لڑکی نے اپنی والدہ کے ہمراہ منصوبہ بندی کے تحت مجھے بلایا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد مجھے لوٹ لیا۔