”میں نے فیس بک سے اپنا ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کیا تو پتہ چلا کہ۔۔۔“ فیس بک استعمال کرنے والوں نے اپنا ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کیا تو اس میں موجود تفصیلات دیکھ کر پیروں تلے زمین ہی نکل گئی
فیس بک کی جانب سے صارفین کی ذاتی معلومات کے حصول کا تنازعہ سامنے آنے کے بعد ہر روز نت نئے انکشافات ہو رہے ہیں اور جو بھی فیس بک کا صارف اپنا ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کر کے اس کی تفصیلات دیکھتا ہے تو پیروں تلے سے زمین ہی نکل جاتی ہے۔
اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ فیس بک صرف ہماری ترجیحات اور پسند پر نظر رکھتا ہے تاکہ اس حساب سے ہمیں اشتہارات دکھا سکے لیکن یہ جان کر کئی لوگوں کے پیروں تلے زمین نکل گئی کہ فیس بک ایپلی کیشن انسٹال کرنے والے ہر صارف کے موبائل میں موجود فون نمبرز، بھیجے اور موصول کئے گئے ایس ایم ایس کی مکمل تفصیلات فیس بک کے پاس ہوتی ہیں اور ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو فیس بک مسینجر استعمال نہیں کرتے۔
برطانوی اداکارہ اور مصنف ایما کینیڈی نے ٹوئٹر پر لکھا ”میں نے ابھی ان ڈیٹا فائلز کو چیک کیا ہے جو میں نے فیس بک سے ڈاﺅن لوڈ کیا اور ان کے پاس میرے موبائل میں موجود ہر فون نمبر موجود تھا۔ انہیں ہر اس تقریب کے بارے میں معلوم تھا جہاں میں گئی، میرے تمام دوستوں کی فہرست اور ان کی تاریخ پیدائش اور ہر ایس ایم ایس کی لسٹ بھی اس میں تھی“
بوفے نامی ایک صارف نے لکھا ”میں نے فیس بک سے اپنے ڈیٹا کی آرکائیو ڈاﺅن لوڈ کی اور پہلا صفحہ کھولا جس میں میرے کنٹیکٹس کی تمام تفصیلات موجود تھیں۔ یہ دیکھ کر میں گھبراہٹ کا شکار ہو گیا ہوں اور اپنے آپ کو پرسکون کرنے ایک سگریٹ پینے جا رہا ہوں تاکہ میں اسے مزید دیکھ سکوں“
ریان بروڈریک نے لکھا ”میں نے اپنے فیس اکاﺅنٹ کا ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کیا اور اسے چیک کر رہا ہوں۔ فیس بک نے مجھے اب تک کا سب سے بڑا سرپرائز میرے 41 کے قریب کنٹیکٹس کی تفصیلات کی صورت میں دیا ہے“
جین میریک نے لکھا ”میں نے اپنا فیس بک ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کیا اور ہاں، دوسروں کی طرح، ان کے پاس میری ایڈریس بک میں موجود تمام فون نمبرز تھے، جن میں کچھ انتہائی حساس بھی ہیں۔“