فیصل آباد میں یونیورسٹی کی طالبہ مبینہ زیادتی کے بعد قتل
فیصل آباد میں ایم اے انگلش اور جی سی یونیورسٹی کی ہونہار طالبہ کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا،اغوا کے بعد ورثا کے کہنے پر کارروائی نہ کرنے اور غفلت برتنے پر ایس ایچ او گلبرگ کو معطل کر دیا گیا ،دوسری طرف سی پی او فیصل آباد کا کہنا ہے کہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ملزمان جلد ہی قانون کے شکنجے میں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پانچ روز قبل طالبہ کے گھر نہ لوٹنے کے بعد اہلخانہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی تاہم مسلسل تلاش کرنے کے باوجود اس کا پتہ نہ چل سکا تاہم گزشتہ روز ایک لڑکی کی
لاش ڈجکوٹ سے ملی تھی جس کی شناخت کے بعد پتہ چلا یہ وہی گمشدہ ہونے والی لڑکی ہے۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں لڑکی کے ساتھ زیادتی اور جسم پر تشدد کے شواہد ملے ہیں۔لڑکی کے اہلخانہ کے مطابق واقعے کے فوری بعد پولیس سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،سی پی او اطہر سہیل کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کارروائی نہ کرنے پر تھانہ گلبرگ کے ایس ایچ او کو معطل کیا جاچکا ہے ۔سی پی اوجڑانوالہ کا متاثرہ خاندان کے گھر پرمیڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کی تحقیقات کے لئے دو الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شام تک وزیرا علی پنجاب کو رپورٹ بھی ارسال کر دی جائے گی۔