’فاسٹ فوڈ کی پیکنگ اور کپڑوں میں یہ کیمیکل شامل ہوتے ہیں جو انسان کے جسم پر۔۔۔‘ ماہرین نے انتہائی تشویشناک انکشاف کردیا، ان کیمیکلز کا کیا اثر ہوتاہے؟
فاسٹ فوڈ صحت کے لئے مضر ہے، یہ بات تو سب جانتے ہیں، لیکن سائنسدانوں نے یہ کہہ کر سب کو پریشان کر دیا ہے کہ فاسٹ فوڈ کی پیکنگ بھی کچھ کم خطرناک نہیں۔ بریڈ، پاپ کارن، چپس، بسکٹ اور دیگر ایسی چیزوں کی پیکنگ میں ’پرفلو رولکائل‘ نامی کیمیکل استعمال کئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ یہ کیمیکل ناصرف پیکنگ سے خوراک میں منتقل ہوسکتے ہیں بلکہ ریپر کو چھونے سے ہاتھوں کے ذریعے جسم کے اندر بھی منتقل ہوسکتے ہیں اور اس کے اجزاءدوران خون کے نظام میں بھی پہنچ جاتے ہیں۔
ہاورڈ سکول آف پبلک ہیلتھ کے سائنسدانوں نے 621 افراد پر کی گئی تحقیق میں معلوم کیا ہے کہ جن افراد کے نظام دوران خون میں ’پرفلو رولکائل‘ کیمیکلز کا تناسب زیادہ ہوتا ہے ان کا ریسٹنگ میٹا بولزم سست پڑ جاتا ہے جس کے نتیجے میں وہ موٹاپے کا شکار ہوجاتے ہیں۔
تحقیق کاروں کا مزید کہنا ہے کہ یہ کیمیکل فاسٹ فوڈ کی پیکنگ کے علاوہ نان سٹک برتنوں اور کپڑے کی کچھ اقسام، خصوصاً واٹر پروف کپڑے میں بھی پائے جاتے ہیں۔ یہ کیمیکل نمی اور چکنائی وغیرہ کے خلاف تو بہت اچھی مزاحمت رکھتے ہیں لیکن جسمانی میٹابولزم کو سست کر دیتے ہیں جس کے نتیجے میں لوگ بڑی تعداد میں موٹاپے کا شکار ہو رہے ہیں۔