فواد عالم کو سری لنکا کیخلاف سیریز میں موقع ملے گا یا نہیں؟ مداحوں کیلئے اہم خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فواد عالم کو صبر کا میٹھا پھل ملنے کا امکان ہے اور سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ان کا نام بھی زیر غور ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیامیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے دونوں میچز میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کا دوسرا امتحان سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صرف9 رنز بنانے والے حارث سہیل کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے جبکہ امام الحق بھی ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں متاثر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے جس پر دونوں کو ہی ٹیم سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے اور ان کی جگہ فواد عالم اور سمیع اسلم کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے فواد عالم کا نام زیر غور آنے کا قوی امکان ہے جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں 56.57کی اوسط سے12ہزار سے زائد رنز جوڑ کر عالمی ٹاپ پرفارمرز کی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہیں، سمیع اسلم کو بھی کم بیک کا موقع مل سکتا ہے جبکہ بہتر فارم اور فٹنس کی بنیاد پر عثمان شنواری کو موقع ملنا خارج ازامکان نہیں ہے۔