سینیٹ کے بعد ایک اور عمارت میں فواد چوہدری کے داخلے پر پابندی لگانے پر غور شروع
چیئر مین سینیٹ صاد ق سنجرانی نے ایوان بالا کا ماحول خراب کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سینیٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردی جس کے بعد کراچی پریس کلب نے بھی اس بارے میں غور کرنا شروع کردیا ہے ۔
تفصیل کے مطابق کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پربتا یا کہ کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے صحافیوں اور مختلف یونین کے ساتھ رابطے جاری ہیں تاکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے پاکستان بھر میں تمام پریس کلبوں پر داخلے پرتا حیات پابندی لگائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری آزادی صحافت کو ختم کرنے کے لیے مہم چلا رہے ہیں ۔
اس سے قبل آج چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے وفاقی وزیراطلاعات فوادچودھری کے سینٹ میں داخلے پر پابندی عائد کی اور اس حوالے سے رولنگ جاری کردی ہے۔سینٹ کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات ایوان میں آکر ماحول خراب کرتے ہیں، گزشتہ روز بھی فواد چودھری نے غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ فواد چودھری ایوان میں آکر معافی مانگیں ،اس پر چیئرمین سینٹ نے رولنگ دیتے ہوئے
کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات ایوان میں آکر معافی مانگیں ورنہ ان کے داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔فواد چودھری کے ایوان میں نہ آنے پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے وزیر اطلاعات کے سینٹ میں داخلے پر پابندی عائدکر دی اور رولنگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ معافی مانگنے تک وزیر اطلاعات کے رواں اجلاس میں آنے پر پابندی رہے گی۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ایوان بالا اعلی ترین روایات کا حامل رہا ہے، آئندہ بھی رہے گا، ایوان میں کچھ عرصے سے بدمزگی پیدا ہو رہی ہے۔