فلم ’ریس تھری‘سلمان خان کو لے ڈوبی
بالی ووڈ سلطان سلمان کی ایکشن فلم ’ریس تھری‘ مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے انہوں نے فلم ’دبنگ تھری‘ کے خلاف بائیکاٹ مہم شروع کردی۔
بالی ووڈ پر راج کرنے والے سلمان خان کو باکس آفس کا سلطان کا کہا جاتا ہے وہ نہ صرف اپنی فلم بلکہ کسی اور فلم میں بھی جھلک دکھادیں تو وہ فلم باکس آفس پر راج کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ مداحوں کو اُن کی ہر نئی فلم سے زیادہ توقعات وابستہ رہتی ہیں تاہم رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’ریس تھری‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے تو گاڑے لیکن مداحوں کی توقعات پر پوری نہ اتری اور اب اسی وجہ سے سلو میاں کی نئی فلم ’دبنگ تھری‘ کے خلاف سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم بھی شروع کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی ایکشن فلم ’ریس تھری‘ نے اب تک باکس آفس پر تقریباً 160 کروڑ کا بزنس کیا لیکن مداحوں کی جانب سے فلم کی کہانی ،کرداروں اور گرافکس میں ناتجربے کاری کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور سلو میاں کی نئی آنے والی فلم ’دبنگ تھری‘ کے خلاف سوشل میڈیا پر ’وی ڈانٹ وانٹ دبنگ تھری‘ کے نام سے ہیش ٹیگ خاصی مقبول ترین ٹرینڈ بن گیا ہے۔
’وی ڈانٹ وانٹ دبنگ تھری‘ ہیش ٹیگ کو سلو میاں کے مداحوں نے استعمال کرکے سلمان خان کے لئے بڑی مصیبت کھڑی کردی ہے اور اس بائیکاٹ کی مہم نے سوشل میڈیا پر زور پکڑ لیا ہے۔ ایک مداح نے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹ کیا کہ انند ایل رائے جیسے نامور ہدایتکار آپ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں اور سونونگم جیسے گلوکار آپ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں لیکن آپ کام کرنے کے لئے ریمو ڈی سوزا اور ارباز خان اور گلوکاری کے لئے لولیا کو منتخب کرتے ہیں۔
ایک صارف نے بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ لولیا ،دیسی شاہ ،ثاقب سلیم کو سامعین کی جانب سے مسترد کیا جا چکا ہے اگر سلمان خان انہیں 100 بار بھی موقع دے دیں تب بھی سامعین انہیں قبول نہیں کریں گے اس طرح سلمان خود اپنا کیریئر تباہ کررہے ہیں
ایک صارف نے سلمان خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ تیسرے درجے کے بے روزگار ریمو ڈی سوزا،دیسی شاہ اور ثاقب سلیم جیسے لوگوں کو فلم میں کاسٹ نہیں کیا جائے یہ لوگ بس آپ کو استعمال کر رہے ہیں کیوں کہ نہ تو وہ قابل ہیں اور نہ ہی وہ محنتی ہیں۔
واضح رہے کہ ریمو ڈی سوزا کی ہدایتکاری میں بننے والی سلو میاں کی ایکشن فلم ’ریس تھری‘ 15 جون کو ریلیز کی گئی تھی جوکہ اب تک 160 کروڑ سے بھی زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔