گناہ گار ثابت ہونے تک زرداری کو کرپٹ نہیں کہہ سکتی، فردوس عاشق اعوان نے خاموشی توڑدی

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب تک سابق صدر آصف علی زرداری گنہگار ثابت نہیں ہوتے میں انہیں کرپٹ نہیں کہہ سکتی۔ جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں جس طرح میرے سامنے حقائق آ رہے ہیں اور جس طرح نیب اس کیس کو آگے لے کر چل رہا ہے، اربوں روپے کی اکاونٹس میں ٹرانسفرز اور ٹرانزایکشنز ہیں تو حقائق تو اسی طرف لیکر جاتے ہیں کہ دال میں کچھ نہ کچھ کالا ہے اور جب یہ ثابت ہو جائے گا تو پھر میں اس کی بنیاد پر میڈیا پر آ کر برملا کہوں گی کہ یہ حقائق ہیں اور اس کی بنیاد پر یہ کرپٹ ہیں۔

ہم میڈیا کے ساتھ پارٹنر شپ میں کام کریں گے۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا کے حقوق واضح اور طے شدہ ہیں اور وزیراعظم عمران خان ان کو اون کرتے ہیں اور سپورٹ کرتے ہیں۔ آج کے دور میں آپ میڈیا کے ساتھ تصادم نہیں کرسکتے اور میڈیا کے ساتھ انگیجمنٹ میں جانا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کارکردگی ہی ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، مجھے توقع ہے کہ دہشتگردی کا جو نیا چیلنج اس وقت سر اٹھارہا ہے اس پر قابو پانے کیلئے بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ بطور وزیر داخلہ درست انتخاب ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن پر مثبت تنقید کریں گے اور جہاں اپوزیشن حکومت کو آڑے ہاتھوں لے گی اس کا جواب بھی دیں گے اور جہاں اپوزیشن فاﺅل کھیلے گی وہاں ہم اس فاﺅل کو روکیں گے اور کھلے گراﺅنڈ میں آکر کھیلنا ان کا حق ہے لیکن میچ فکس کرکے نہیں کھیلنے دوں گی۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.