پاکستانی پائلٹ ’فلائٹ لیفٹیننٹ سیف الاعظم‘ جس نے دو مختلف ممالک میں اسرائیل کے 4 طیارے مار گرائے لیکن اس سے پہلے بھارت کے کتنے طیارے گراچکے تھے؟ سینئر صحافی حامد میر نے انکشاف کردیا

پاک بھارت کشیدگی اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیئے جانے کی وجہ سے پاک فضائیہ شہہ سرخیوں میں ہے اور ایسے میں پاک فضائیہ کے پائلٹس حسن صدیقی اور نعمان علی خان کو بھی بھولا نہیں جاسکتا لیکن سینئر صحافی حامد میر ایک ایسے پائلٹ کی کہانی بھی سامنے لائے ہیں جو دو مختلف ممالک میں اسرائیل کے چار طیارے گراچکے ہیں جبکہ اس سے قبل بھارت کا ایک طیارہ بھی گرایا تھا اور بعدازاں مشرقی پاکستان ٹوٹنے سے بنگلہ دیش کے شہری بنے اور بالآخر ریٹائرہوگئے ۔

حامد میر نے اپنے کالم میں لکھا کہ ’’ فلائٹ لیفٹیننٹ سیف الاعظم پاکستان ایئر فورس کے بہادر شاہین تھے جن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے اپنی مہارت اور بہادری سے نہ صرف بھارت بلکہ اسرائیل کے جنگی طیارے بھی مار گرائے۔ 1965ء میں وہ پی اے ایف بیس سرگودھا میں تعینات تھے۔ بھارت کیساتھ جنگ کے دوران بھارتی ایئر فورس کا جنگی طیارہ مار گرانے پر انہیں ستارۂ جرأت ملا۔ اگلے ہی سال انہیں اردن بھیج دیا گیا۔

1967ء کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران اسرائیلی طیاروں نے اردن پر حملہ کیا تو سیف الاعظم نے دو اسرائیلی جہاز تباہ کر دئیے۔ کچھ دنوں کے بعد انہیں عراق بھیج دیا گیا اور وہاں بھی انہوں نے دو اسرائیلی طیارے تباہ کئے۔

اردن کے حکمران شاہ حسین نے سیف الاعظم کو فوجی اعزازات تو دئیے لیکن وہ سیف الاعظم کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر عمان کی سڑکوں پر گھومنا باعثِ فخر سمجھتے تھے۔ سیف الاعظم کا تعلق مشرقی پاکستان سے تھا۔ 1971ء میں پاکستان دو لخت ہوا تو وہ بنگلہ دیش ایئر فورس کا حصہ بن گئے اور 1979ء میں گروپ کیپٹن کی حیثیت سے ریٹائر ہوگئے‘‘۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.