گاڑی جیسا جہاز جسے آپ کہیں بھی لے جاسکتے ہیں، لیکن قیمت کتنی ہے؟ جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کردے گا
ہوائی جہازوں کی دنیا میں ایک نئی اور انوکھی انٹری ہونے والی ہے جسے سائنس فکشن سے تعلق رکھنے والی کوئی حیرت انگیز ایجاد کہا جائے تو غلط نا ہو گا۔ روایتی ہوائی جہاز اور جدید ترین ڈرون کا ملغوبہ یہ ایک مائیکرو طیارہ ہے جسے جیمز بانڈ 007کی مشہور کارتیار کرنے والی کمپنی آسٹن مارٹن بنا رہی ہے۔
یہ طیارہ تین افراد کو لے کر تقریباً دو سو میل فی گھنٹہ کی رفتار پر تقریباً تین سو میل تک کا فاصلہ طے کر سکے گا۔ عام طیاروں کے برعکس یہ عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کر سکے گا، یعنی اسے ٹیک آف اور لینڈنگ کیلئے رن وے پر دوڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی
بلکہ جہاں کھڑا ہوگا وہیں سے اوپر اُٹھ جائے گا اور اسی طرح کسی بھی جگہ آسمان سے ہیلی کاپٹر کی طرح زمین پر اتر آئے گا۔ دوسرے لفظوں میں آپ اسے ’’اُڑن کار‘‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔ اس اُڑنے والی گاڑی کی خوبیاں تو بہت ہی شاندار ہیں، لیکن قیمت بھی غیر معمولی ہے۔ ابتدائی طور پر اس کی قیمت تقریباً 40 لاکھ پاؤنڈ (تقریباً 64 کروڑ 34 لاکھ پاکستانی روپے) متوقع ہے۔
آسٹن مارٹن کاروں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ہی اسے لائٹ ویٹ کاربن فائبرمرکبات سے تیار کیا جائے گا جبکہ اسے طاقت فراہم کرنے کیلئے ہائبریڈ الیکٹرک گیس ٹربائنز استعمال کی جائیں گی۔ نئے دور کے اس حیرت ناک ہوائی جہاز کی تیاری کیلئے
برطانیہ کی آسٹن مارٹن کمپنی کے ساتھ رولز رائس ، کرین فیلڈ ایروسپیس سلوشنز اور کرین فیلڈ یونیورسٹی برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر کام کریں گی ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے پانچ سال کے دوران اس چھوٹے ہوائی جہاز کی کمرشل پروڈکشن شروع ہو چکی ہوگی۔