گاڑیاں چرانے والی معروف خاتون اینکر گرفتار، چوری کی ایسی وجہ بتادی کہ آپ بھی کانپ جائیں گے
پولیس نے معروف اینکر پرسن خاتون اور اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔ میاں بیوی ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں سے گاڑیاں اور ان کی بیٹریاں چوری کرکے فروخت کرتے اور اس سے آئس کا نشہ کرتے تھے۔
ایس پی سوہائی عزیز تالپور کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس سے گاڑیاں چرانے والے میاں بیوی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ خاتون سیدہ سلمیٰ عرف مہک مہر نیوز اینکر رہ چکی ہیں اور تین مختلف ٹی وی چینلز میں کام کرچکی ہیں جبکہ اس کا شوہر بھی ایک ٹی وی چینل میں بطور ٹیکنیکل سٹاف کے کام کرچکا ہے۔سوہائی عزیز تالپور نے مزید بتایا کہ گرفتار دونوں میاں بیوی آئس کے نشے کی لعنت میں مبتلا ہیں اور انہیں گھر والوں نے بھی عاق کر رکھا ہے۔ جب ان کے گھر والوں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم سوچ کر بتائیں گے کہ ان کے کیس کی پیروی کرنی ہے یا نہیں۔
ایس پی کے مطابق سیدہ سلمیٰ نے تین سال قبل میڈیا سے وابستہ شخص سے شادی کی تھی اور ان کی 17 ماہ کی بچی بھی ہے جو ان کے والدین کے پاس رہتی ہے۔ خاتون کا تعلق خیرپور سے ہے اور اس نے کراچی یونیورسٹی سے بی کام کر رکھا ہے جبکہ لڑکے کا تعلق شکار پور سے ہے۔ ان کے قبضے سے ہونڈا سوک گاڑی اور بڑی تعداد میں بیٹریاں برآمد ہوئی ہیں۔ دونوں میاں بیوی پہلے کرائے کے مکان میں رہتے تھے لیکن اب گزشتہ 2 ماہ سے وہ مکان کو چھوڑ چکے ہیں اور سڑکوں پر ہی رہتے ہیں، کبھی رکشے میں تو کبھی چائے کے ہوٹل پر سوجاتے ہیں۔ کچھ دن پہلے ایک رکشے والے نے ون فائیو پر کال کرکے کہا تھا کہ یہ لوگ اس کے رکشے سے اتر ہی نہیں رہے۔ملزمان کے خلاف مزید تفتیش کی جارہی ہے۔