غلط انجکشن سے مفلوج ہونے والی بچی نشوا انتقال کرگئی
غلط انجکشن سے مفلوج ہونے والی بچی نشوا انتقال کرگئی، دارالصحت ہسپتال میں بچی کو غلط انجکشن لگایا گیا تھا، متاثرہ بچی لیاقت نیشنل ہسپتال میں زیر علاج تھی۔
یاد رہے گزشتہ روز نشوا کیس میں پولیس نے غفلت کی مرکزی کردار مڈ وائف ثوبیہ کو بھی گرفتار کر لیا۔ پہلے سے گرفتار میل نرس معیز کی نشاندہی پر اتوار کے روز تیسری گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
پولیس کے مطابق ثوبیہ نے ہی آغا معیز کو انجکشن بھر کر دیے تھے جن پر لیبلنگ نہیں کی گئی۔ آغا معیز نے ٹرانسپیرنٹ دکھنے والے دونوں انجکشن لیبلنگ نہ ہونے کے باعث غلط لگا دیئے۔
گرفتار کی گئی مڈ وائف ثوبیہ کو ویمن پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ اس سے قبل اتوار کے ہی روز پولیس نے مزید دو سٹاف ممبران کو حراست میں لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں ایڈمن انچارج شہباز اور نرسنگ انچارج عاطف جاوید شامل ہیں۔