گھوٹکی کی نومسلم بہنوں کے دولہے پہلے سے شادی شدہ نکلے
گھوٹکی کی 2 نومسلم بہنوں کے دولہے پہلے سے شادی شدہ اوربچوں کے باپ نکلے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گھوٹکی کی2 نومسلم بہنوں کی پسند کی شادی کے معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی سندھ حکومت کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نومسلم لڑکیوں سے شادی کرنے والوں نے نکاح نامے میں پہلی شادی چھپائی،برکت علی کے پہلی بیوی سے3 بچے ہیں ،صفدر علی کے بھی پہلی بیوی سے4 بچے ہیں۔ برکت علی اور صفدر علی کی پہلی بیویوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے۔
دونوں بیویوں نے مرضی کے بغیر اپنے شوہروں کی دوسری شادی پر تشویش کا اظہار کیا۔برکت علی اور صفدر علی نے نکاح نامہ میں پہلی شادی کا ذکر ہی نہیں کیا ،نکاح نامہ میں پہلی شادی چھپانا مسلم فیملی لا آرڈی نینس کی سیکشن 6 کی خلاف ورزی ہے ،موبائل فون کالز کے ریکارڈ کے مطابق آسیہ اور نادیہ طویل عرصے سے لڑکوں سے رابطے میں تھیں۔ سندھ حکومت کی 6صفحات پر مشتمل رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا ئی گئی۔