زمیندار کے ہاتھوں مبینہ طور پر محنت کش کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا
زمیندار کے ہاتھوں مبینہ طور پر محنت کش کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، بہن کا ٹیلی فون پر گرل فرینڈ بن کر بھائی سے پیسے بٹورنے کا راز فاش ہونے پر محنت کش نے دلبرداشتہ ہو کر مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات سامنے آنے سے اہل خانہ اور علاقہ مکین حیران ہوگئے ، پولیس نے رسی کو فرانزک رپورٹ کے لئے بھجوا دیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل تھانہ صدر کے علاقہ چک نظام کے زمیندار
مطیع ﷲ کے ڈیرے پر کام کرنے والے ملازم نوجوان اشرف نے مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کر لی تھی جبکہ تھانہ صدر نے ورثا کی درخواست پر زمیندارکے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔پولیس کے مطابق دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ چند سال قبل اشرف نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی اور وہ دوسری شادی کرنا چاہتا تھا جس کے پیش نظر اس کی بہن سنبل نے ایک دن اشرف کو کسی اجنبی نمبر سے فون کیا اور اسے اپنا نام عینی بتا کر دوستی کی خواہش ظاہر کی یہ سلسلہ کئی روز تک جاری رہا اور دونوں دوست بن گئے، جب اشرف نے گھر کے نمبر پر فون کر کے بتایا کہ اسے ایک لڑکی پسند ہے اور وہ اس سے شادی کرنا چاہتا ہے تو اس کی بہن سنبل نے اس سے لڑکی کا پتہ اور فون نمبر پوچھا، جس پر اشرف نے اسے سب کچھ بتا دیا۔چند روز گزرنے کے بعد سنبل نے اس سے پیسوں کا مطالبہ کیا کہ عینی کو پیسوں کی ضرورت ہے تو 35 ہزار روپے بھجوا دو اسی طرح مختلف اوقات میں اشرف نے اپنی بہن کو 80 ہزار روپے بھجوا دئیے ، جب اشرف نے اپنی بہن سنبل سے لڑکی کے بارے پوچھا کہ کب ان کے گھر رشتے کے لئے جاؤ گے تو اس نے کہا کہ وہ اچانک نمبر بند کر کے غائب ہو گئی ہے۔ شک گزرنے پر جب اشرف نے سارے معاملے کو جاننے کی کوشش کی تو اسے پتہ چلا کے عینی نام کی کوئی لڑکی نہیں بلکہ وہ اس کی بہن سنبل ہے۔پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعہ کی تمام زاویوں سے تفتیش جاری ہے جبکہ پھندا لینے والی رسی بھی فرانزک لیبارٹری بھجوا دی ہے۔ فرانزک رپورٹ آنے پر اصل حقائق سامنے آ جائیں گے یہ واقعہ خودکشی ہے یا پھر اسے قتل کیا گیا ہے۔