ہم ق لیگ اور پیپلزپارٹی سے بات کریں گے اور پنجاب میں….. حمزہ شہباز کے بیان نے کھلبلی مچا دی
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہاہے کہ پنجاب میں ہم اب بھی بڑی پارٹی ہیں اور ہماری 129 نشستیں جبکہ27 آزاد امیدوار ہیں جن میں سے زیادہ ترہمارے ہم خیال ہیں ،پیپلز پارٹی اور ق لیگ سے بات کریں گے اور ن لیگ پنجاب میں حکومت بنائے گی ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا قوم کو یاد دلاتا ہوں کہ نوازشریف نے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو حکومت بنانے کا موقع دیا اور اب (ن) لیگ پنجاب میں سب سے زیادہ نشستیں لینے والی پارٹی بن کر ابھری ہے اس لیے تمام آئینی اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوری روایات کا پاس کیا جائے ، پنجاب میں مسلم لیگ ن کی اکثریت ہے، صوبے میں حکومت بنانے کے لیے ہم پیپلز پارٹی، ہم خیال اور مسلم لیگ (ق) سے بھی بات کریں گے، اگر حکومت بنانے سے روکا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔حمزہ شہباز نے
الزام لگایا کہ انتخابات میں پری پول دھاندلی کی گئی، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا جسے ایکسپوز کریں گے، ہمارے کارکنوں کو مارا پیٹا گیا جس کے بارے میں ہم قوم کا آگاہ کرتے رہیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قوم سے خطاب پر رد عمل میں (ن) لیگ کے رہنما نے کہا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں اچھی باتیں کیں لیکن انہیں کام کرنا پڑے گا، انہیں اپنی کہی باتوں پر پہرہ دینا پڑے گا۔