حرم مکی سے رمضان المبارک کے دوران 605افراد گرفتار
حرم مکی شریف میں منفی رجحانات کے انسداد کےلئے قائم کی جانے والی کمیٹی نے رمضان المبارک کے دوران 605افراد کو گرفتار کیا ہے۔گرفتار شدگان حرم مکی شریف کے اندر اور بیرونی صحنوں میں منفی رجحانات کو فروغ دے رہے تھے۔
سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ طارق المالکی نے کہا کہ کمیٹی کے 110اہلکار حرم مکی شریف کے اندر اور بیرونی صحنوں میں متعین ہیں۔ یہ لوگ رمضان المبارک کے دوران 24گھنٹے مختلف شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔ حرم شریف میں کسی بھی قسم کے منفی رجحان کے انسداد کےلئے فوری طور پر کارروائی کی جاتی ہے۔ حرم مکی شریف یا بیرونی صحنوں میں
گداگری کے علاوہ مروہ میں معتمرین کے بال کٹوانا یا قینچی فراہم کرنا، حرم میں نماز کےلئے جگہ مختص کرنا، زائرین حرم کو نماز کی جگہ فروخت کرنایا پھر حرم سے باہر جانے کی وجہ سے اپنی جگہ پر مصلی بچھادینا تاکہ کوئی دوسرا جگہ پر نہ بیٹھ جائے، یہ سب منفی رویئے ہیں جن کا انسداد ضروری ہے۔کمیٹی کے اہلکار حرم مکی شریف میں جہاں کہیں بھی جگہ مختص کرنے کےلئے مصلّٰی بچھا ہوا دیکھتے ہیں تو اسے ضبط کرلیتے ہیں۔ منفی رجحانات میں ملوث اگر غیر ملکی ہوگا تو اسے ترحیل شمیسی کے حوالے کیا جاتا ہے۔