سوتیلے والد نے 15 برس کی عمر میں جنسی ہراساں کیا، ہولی وڈ اداکارہ
امریکی اداکارہ، ٹی وی میزبان اور کامیڈین ایلن ڈیجنرس نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کے سوتیلے والد طویل عرصے تک جنسی ہراساں کرتے رہے۔
ٹرانس جینڈر افراد کے حقوق کی رہنما اور اداکارہ 61 سالہ ایلن ڈیجنرس نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔
اس سے قبل وہ خواتین اور خواجہ سراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے معاملات پر آواز اٹھاتی رہی ہیں اور انہوں نے ’می ٹو‘ مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔
آن لائن اسٹریمنگ چینل ’نیٹ فلیکس‘ کے شو’مائی نیکسٹ گیسٹ نیڈس نو انٹروڈکشن ود ڈیوڈ لٹرمین‘ میں بات کرتے ہوئے ایلین ڈیجنرس نے پہلی بار اپنی والدہ اور سوتیلے والد کے درمیان رومانوی تعلقات سمیت خود کو ہراساں کیے جانے پر کھل کر بات کی۔
شوبز نشریاتی ادارے ’وینٹی فیئر‘ کے مطابق کامیڈین نے پروگرام میں بتایا کہ جب وہ 15 برس کی تھیں تو ان کی والدہ کو بریسٹ کینسر لاحق ہوگیا اور ان کی والدہ اور سوتیلے والد کے درمیان رومانوی تعلقات کسی حد تک متاثر ہوئے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی والدہ اور سوتیلے والد کے درمیان رومانوی تعلقات ان کے لیے کچھ پریشانی کا باعث رہے، تاہم انہیں اس وقت سخت تکلیف پہنچی جب انہیں ان کے سوتیلے والد نے جنسی طور پر ہراساں کیا۔
ایلین ڈیجنرس نے سوتیلے والد کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دن جب ان کی والدہ شہر سے باہر گئی ہوئی تھیں تب انہیں ان کے سوتیلے والد نے بتایا کہ وہ ان کی چھاتی کو چھو کر کچھ محسوس کرنا چاہتے ہیں۔
کامیڈین کے مطابق انہیں ان کے والد نے بتایا کہ چونکہ ان کی والدہ کو بریسٹ کینسر ہے اور ان کا ایک بریسٹ ہٹادیا گیا ہے، اس لیے ان کی خواہشات پوری نہیں ہوتیں اور وہ اپنی خواہشات ان کی چھاتی کو چھو کر پوری کرنا چاہتے ہیں۔
ایلین ڈیجنرس کا کہنا تھا کہ جب ان کے سوتیلے والد نے انہیں ایسا کہا اس وقت ان کی عمر 15 یا 16 برس ہوگی اور حد تو یہ ہے کہ ان کے سوتیلے والد نے انہیں ایسا ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار کہا۔
خیال رہے کہ ایلین ڈیجنرس اپنے جنسی رجحانات کے حوالے سے بھی خبروں میں رہتی ہیں، انہوں نے 1997 میں ہم جنس پرست ہونے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔
ایلین ڈیجنرس سب سے زیادہ کمائی کرنے والی دنیا کی 15 بڑی شخصیات میں سے ایک ہیں جب کہ وہ فوربز کی 50 بااثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل ہو چکی ہیں۔
ایلین ڈیجنرس نے متعدد فلموں، ٹی وی ڈراموں اور ریالٹی شوز میں جوہر دکھائے، وہ اسٹینڈ اپ کامیڈی میں بھی بڑا نام رکھتی ہیں۔
ایلین ڈیجنرس نہ صرف ٹرانس جینڈر بلکہ ہم جنس پرست افراد کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں، علاوہ ازیں وہ خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے حوالے سے بھی مہم میں پیش پیش رہتی ہیں۔