دولہا نے ہنی مون پر ہی دلہن کو قتل کردیا، وجہ بھی انتہائی افسوسناک

ہنی مون کے دن شادی شدہ جوڑوں کی زندگی کے خوشگوار ترین دن ہوتے ہیں لیکن برطانیہ کے ایک دولت کے لالچی دولہا نے ہنی مون کے دوران ہی اپنی دلہن کو سمندر میں ڈبو کر موت کے گھاٹ اتار دیاتاکہ اس کی جائیداد پر قبضہ کر سکے۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی علاقے ڈورسیٹ کے 41سالہ لیویس بینیٹ کی گزشتہ سال امریکی ریاست فلوریڈا کی 41سالہ خاتون ازابیلا ہیلمین سے شادی ہوئی اور مئی 2017ءمیں وہ ہنی مون منانے جزائرغرب الہند کے ملک باہماس گئے۔ باہماس میں ایک رات وہ کشتی پر سمندر کی سیر کر رہے تھے کہ اس دوران مبینہ طور پر ان کی کشتی کو حادثہ پیش آ گیا اور ازابیلا سمندر میں ڈوب گئی۔ اس کی لاش کبھی برآمد نہیں ہو سکی۔

ابتدائی طور پر لیویس نے باہماس کی عدالت میں بتایا کہ رات کے اندھیرے میں کوئی چیز ایک دھماکے سے کشتی کے ساتھ آ کر ٹکرائی، جس سے کشتی پچھلے حصے سے پانی میں ڈوبنے لگی۔ ازابیلا کشتی کے اگلے حصے میں بیٹھی تھی، جب میں دوڑ کر اگلے حصے میں پہنچا تو وہ وہاں موجود نہیں تھی اور سمندر میں گر چکی تھی۔باہماس کی عدالت نے لیویس کو قتل کے الزام سے بری کر دیا۔ تاہم اب ازابیلا کے لواحقین نے لیویس کے خلاف میامی کی عدالت میں مقدمہ دائر کرا دیا جہاں اس نے ازابیلا کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا اوراب پراسیکیوٹرز نے عدالت میں ایسی تصاویر بھی پیش کر دی ہیں کہ جن سے ثابت ہوتا ہے کہ لیویس نے کشتی کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا اوراس کے مختلف حصے توڑ دیئے تاکہ وہ ڈوب جائے۔

رپورٹ کے مطابق کشتی ڈوبنے کے 45منٹ بعد لیویس نے ریسکیو ٹیموں کے لیے الرٹ جاری کیا جس پر امریکی کوسٹ گارڈ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچنے اور لیویس کو بچا لیا۔ جب اہلکار وہاں پہنچے تو کشتی آدھی پانی میں ڈوبی ہوئی تھی اور لیویس کشتی سے 1ہزار گزکے فاصلے پر لائف جیکٹ کے ذریعے پانی میں تیر رہا تھا اور اس نے اپنی اور اپنی دلہن کی تمام قیمتی چیزیں بھی اپنے پاس پہلے سے جمع کر رکھی تھی۔ پراسکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ”لیویس کے پاس تمام قیمتی چیزیں موجود ہونا بھی اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس نے جان بوجھ کر کشتی ڈبوئی۔“ رپورٹ کے مطابق لیویس کو میامی کی عدالت سے 29جنوری کو سزا سنائی جائے گی۔مزید براں امریکہ میں لیویس کے خلاف تفتیش میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ وہ ایک چور اور نوسرباز ہے اور قدیم سکوں سمیت دیگر نوادرات بھی سمگل کرتا رہا ہے۔ اس کے قبضے سے پرانے سکوں کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.