حکومت نےہر چیز پر جی ایس ٹی ٹیکس میں اتنا اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا کہ پاکستانی سر پکڑ کر بیٹھ جائیں گے
ڈالر کی اونچی اڑان کے باعث مہنگائی کے طوفان نے پاکستانیوں کا جینا حرام کر رکھا ہے اور اس پر ٹیکسز کی بھرمار کر دی گئی ہے۔ تاہم مشتری ہوشیار باش! پاکستانی مزید ٹیکسز کے بوجھ تلے دبنے کے لیے تیار ہو جائیں کیونکہ حکومت نے جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی)میں اضافہ کرنے اور دیگر ٹیکسز میں پاکستانیوں کو دی گئی رعایات ختم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ایکسپریس ٹربیون کے مطابق حکومت سیلز ٹیکس کی مد میں 2ٹریلین روپے جمع کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لیے اس نے آسان راستے پر چلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وہ آسان راستہ یہ ہے کہ جی ایس ٹی بڑھا کر 18فیصد تک کر دیا جائے اور کئی ٹیکسوں میں میسر رعایت ختم کر دی جائے۔اس وقت ملک کی سیلز ٹیکس کی مد میں آمدنی 1.7ٹریلین ہے جبکہ حکومت صرف مالی سال 2019-20ءمیں ہی اضافی 350ارب روپے اکٹھے کرنا چاہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر حکومت یہ راستہ اپناتی ہے تو اسے کئی ایسے سیکٹرز پر ٹیکس بڑھانا پڑے گا جو اب تک رعایات لے رہے ہیں۔ ان میں ٹیکسٹائل اور سٹیل سمیت دیگر کئی سیکٹرز شامل ہیں۔مالی سال 2019-20ءکے بجٹ میں ایک تجویز یہ بھی دی گئی ہے کہ اپنی مصنوعات برآمد کرنے والے 5سیکٹرز کو دی گئی ’زیرو ریٹنگ فیسیلٹی‘ ختم کر دی جائے، جس کے تحت انہیں ٹیکس استثنیٰ حاصل ہے۔