حکومت پاکستان نے مظاہرین کے سامنے ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کر لیا
آسیہ بی بی کی بریت کے بعد دھرنا دینے والے مظاہرین اور حکومت کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔مظاہرین نے حکومت سے مذاکرات کرنے اور دھرنا ختم کرنے کی حامی بھر لی ہے ۔
نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق حکومت نے آسیہ بی بی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ دوسری جانب دھرنا مظاہرین نے آسیہ بی بی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں ریو پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے تصدیق کی ہے کہ آسیہ بی بی کے فیصلے کیخلاف احتجاج کرنیوالوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، قوم کو جلد خوشخبری ملے گی۔قومی اسمبلی میں امن و امان کی صورتحال پر جاری بحث کے دوران شہریار آفریدی نے بتایا کہ تمام صوبوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ طویل مشاورت ہوئی ہے اور یہ فیصلہ ہوا ہے کہ احتجاج کے خاتمے کے لیے طاقت کا استعمال نہ کیا جائے بلکہ ان سے بات کی جائے۔