ہمیں صرف ڈیڑھ سے دوسال ملے پانچ سال مل جاتے توکیا کچھ کردیتے، نوازشریف
سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ 5 سالہ مدت میں کام صرف (ن) لیگ نے ہی کیا ہے اورہم نے اپنے تمام منصوبے مکمل کیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو ضابطہ اخلاق جاری کیا اس پرلاہورجا کربات کروں گا، عمران خان اورپی ٹی آئی بتائیں کون سا منصوبہ مکمل کیا، خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی، ہم نے بجلی کے منصوبے مکمل کیے، سی پیک لائے، کراچی کا امن بحال کیا، ملک سے دہشت گردی ختم کی ، موٹروے بنائیں، پہلے رمضان المبارک میں 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اب بجلی نہیں جاتی، 5 سالہ مدت میں کام صرف (ن) لیگ نے ہی کیا ہے اورہم نے اپنے تمام منصوبے مکمل کیے۔
نوازشریف نے کہا کہ پہلے ہائی جیکنگ کا الزام لگایا گیا اب خیالی تنخواہ اوراقامے کا کیس ہے، دونوں کیسزایسے ہیں جوعوام کو سمجھ نہیں آئے، میرا آج بھی وہی اسٹینڈ ہے جو اٹک قلعے میں تھا اورمیرے بیانیے کی جیت ہوگی جب کہ ہمیں صرف ڈیڑھ سے دو سال ملے ہیں، پانچ سال مل جاتے تو کیا کچھ کردیتے۔
نوازشریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے پارٹی میں مشاورت کریں گے، خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی سینیٹرکے بھائی کونگران وزیراعلیٰ بنا دیا گیا، یہ تووہی بات ہوگئی کہ انا ونڈے ریوڑیاں مڑمڑدیوے اپنڑیاں نوں۔