پی ایس ایل کا فائنل دیکھ کر آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈسن کی آنکھیں کھل ہی گئیں، پاکستانیوں کو شاندار خوشخبری سنا دی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے جنہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطرناک ترین دور سے نکل آیا ہے اور اب جلد ہی غیر ملکی ٹیموں کی آمد شروع ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں فائنل میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا انعقاد بہت خوش آئند ہے اور ملک میں آہستہ آہستہ کرکٹ واپس آ رہی ہے۔ ایک زمانے میں پاکستان کا شمار خطرناک ممالک میں شمار ہوتا تھا جس کے باعث غیر ملکی کرکٹرز یہاں آنے سے اجتناب برتتے تھے ۔ پاکستان جس مشکل دور سے گزرا ہے، اس نے بہادری کے ساتھ سنگین حالات کا مقابلہ کیا، جو کچھ نیوزی لینڈ میں ہوا پاکستان میں ایسا ہی ہوتا تھا، یہ ملک ایسے حالات سے نمٹنے کے حوالے سے مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل دور میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے کرکٹ کھیلی اوربہت سی کامیابیاں بھی سمیٹیں،اب ملک میں صورتحال بتدریج تبدیل ہورہی ہے اور پاکستان قدم بقدم آگے بڑھ رہا ہے اور اب جلد ہی غیرملکی ٹیموں کی آمد بھی شروع ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کرکٹ کی واپسی کیلئے بہت کوششیں کیں اور
آئی سی سی ان تمام معاملات پر پی سی بی کے ساتھ ہیں جبکہ فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دینے پر میں شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو پی ایس ایل کھیلنے کیلئے پاکستان آئے۔ پاکستان کیخلاف ایک سوچ ہے کہ یہاں حالات خراب ہیں لیکن پی ایس ایل میچز کے انعقاد سے یہ تاثر غلط ثابت ہوگیا،سیکیورٹی کے حوالے سے آئی سی سی اپنا کام کر رہی ہے۔