آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے ہی روپے کی قدر میں کمی

وزیر خزانہ اسد عمر نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےآئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے ہی ملکی کرنسی کی قدر میں کمی، شرح سود اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے جیسے اقدامات اس لیے کیے کیونکہ یہ ضروری تھے،دنیا میں امریکہ چین کا سب سے بڑا مقروض ہے جو کہ 13 کھرب ڈالر ہے،امریکی وزیر خارجہ ہمارے نہیں اپنے قرضے پر فکر مند ہو ،سی پیک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے بھارتی سرپرستی میں بلوچستان میں دہشت گردی کی کوششیں کی جا رہی ہیں،بلوچستان کے لوگ سی پیک کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی خبر رساں ادارے کے پروگرام ’’ہارڈ ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کا اعتراف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم کی جانب سے شرائط کے انتظار سے پہلے ہی ملکی کرنسی کی قدر میں کمی، شرح سود اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے جیسے اقدامات اس لیے کیے ہیں کہ ہمیں یہ ضروری لگ رہے تھے،ہم نے آئی ایم ایف کی پابندیوں اور شرائط کا انتظار نہیں کیا بلکہ معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کے پہلے سو دن کے اندر خود ہی متعدد اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہہم نے حکومت کے پہلے سو دن کے اندر گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا،نئے ٹیکس لگائے،

شرحِ سود میں اضافہ کیا اور ملکی کرنسی کی قدر میں کمی کی،اقتصادی اور مانیٹرنگ پالیسی اصلاحات کی صحیح سمت میں جا رہے ہیں جس کی ضرورت ہے، ہمیں ضرورت نہیں کہ آئی ایم ایف اس کے بارے میں ہمیں ہدایات دے،ہم وہ کر رہے ہیں جو ہمیں کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ اس وقت اصلاحات کے معاملے پر آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان اختلافات ہیں لیکن بات چیت جاری ہے جس میں اس بات پر اختلاف رائے نہیں کہ کیا کرنے کی ضرورت ہے؟ بلکہ اقدامات کی رفتار، ترتیب اور وسعت پر اختلاف ہے۔وزیر خزانہ اسد عمر نے امریکی حکومت کے خدشات پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس

کا جواب بڑا سادہ ہے کہ ہمیں چینی قرضے کی فکر ہونی چاہیے لیکن پومپیو (امریکی وزیر خارجہ) کو چینی قرضے کے اپنے مسئلے پر فکرمند ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا میں امریکہ چین کا سب سے بڑا مقروض ہے جو کہ 13 کھرب ڈالر ہے جبکہ پاکستان پر چینی قرضہ ملک کے مجموعی بیرونی قرضوں کا دس فیصد ہے،ہم گذشتہ 30 برسوں میں آئی ایم ایف سے 12 مختلف پروگراموں میں گئے لیکن یہ سوال پہلے کیوں نہیں پوچھا گیا کہ کس ذرائع اور کس ملک نے پاکستان کو کتنا قرضہ دے رکھا ہے؟۔وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کے بعد مغربی ممالک کی سعودی عرب سے دوری اور اس دوران پاکستان کی جانب سے سعودی عرب سے بیل آؤٹ پیکیج لیے جانے کے بارے میں سوال کے جواب میں سعودی امداد کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ مغربی رہنماؤں کو خود سے شرمندگی محسوس ہو جو جمہوریت اور آزادی کی بات کرتے ہیں اور پھر انہی سعودی پیسوں کے لیے جاتے ہیں تاکہ اربوں ڈالر مالیت کے معاہدے کر سکیں۔

بلوچستان میں جاری چینی منصوبوں اورشدت پسندی کے حوالے سےایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ بلوچستان کے لوگوں کا غصہ نہیں سپانسر دہشت گردوں کی سرگرمیاں ہیں جو پاکستان کے باہر سے مالی وسائل اور تربیت حاصل کرتے ہیں،بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور اس کے ذریعے سی پیک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سنجیدہ کوششیں ہیں اور اس پر کوئی اختلاف رائے نہیں ہے،اس کی سربراہی انڈیا کر رہا ہے، ہم نے انڈیا کا ایک سینیئر آپریٹر کلبھوشن یادیو پکڑا ہے جس نے تفصیل بتائی ہے کہ کس طرح انڈیا بلوچستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں مداخلت کر رہا ہے،جہاں تک بلوچستان کے لوگوں کی بات ہے تو وہ سی پیک کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.