” مجھ سے سموسوں اور پکوڑوں کی قیمتیں پوچھیں، آئی ایم ایف کے پیکج کے بارے میں نہیں“سابق وزیرخزانہ اسد عمر کا میڈیا کو انوکھا جواب
پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو حکومت نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا چیئر مین مقرر کر دیاہے تاہم انہوں نے وزارت لینے سے انکار کر دیا تھا لیکن اب انہوں نے آئی ایم ایف سے متعلق پوچھے گئے سوال کا غیر متوقع جواب دے کر سب کو حیران کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات طے پا گئے ہیں اور پروگرام کے تحت پاکستان کو چھ ارب ڈالر کا قرض فراہم کیا جائے گا تاہم جب اسدعمر سے آئی ایم ایف کے پروگرام سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ” اب اس کا مجھ سے کیا لینا دینا ہے ،مجھ سے سموسوں اور پکوڑوں کی قیمتوں کے بارے میں پوچھیں ۔“
اسد عمرکا کہناتھا کہ وہ اب حکومت کا حصہ نہیں ہیں بلکہ صرف پاکستان تحریک انصاف کے رکن ہیں،اب جو کچھ ہورہاہے اس کے بارے میں آپ متعلقہ معاونین اور وزراءسے دریافت کریں ۔یاد رہے کہ اسد عمر نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے لیکن انہوں نے اچانک 18 اپریل کو عہدے سے استعفیٰ دینے کا علان کیا کیونکہ انہیں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایسا کرنے کیلئے کہا گیا تھا ۔
اسد عمر نے عہدہ چھوڑنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کوئی اور وزارت لینے کی پیشکش پر معذر ت کی اور کابینہ سے ہی الگ ہو گئے جس کے بعد ان سے کئی مرتبہ اصرا ر کیا گیا کہ وہ دوبارہ کابینہ میں شامل ہوں لیکن وہ انکار رہے آخر کار انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی سربراہی لینے پر رضا مندی کا اظہار کیا ۔