عمران خان نے کہا تھا کہ میں ان کو رلاؤں گا یہ ہر پاکستانی کو رلا رہے ہیں
لاہور: رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ میں ان کو رلاؤں گا یہ ہر پاکستانی کو رلا رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خود کہہ رہی ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا ہے، اسد عمر کا کیا ایجنڈہ ہے، وہ خود پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا اعلان کررہے ہیں، دراصل حکومت نااہلوں کے ہاتھوں میں ہے اور وہ ملک نہیں چلا سکتے، پاکستان نہ پہلے دیوالیہ ہوا ہے نہ اب دیوالیہ ہوگا، اسد عمر نے یہ بیان دیکر ملک دشمن قوتوں کو خوش کیا ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ حکومت مہنگائی کرکے غریب عوام کی چیخیں نکلوا رہی ہے، عمران خان نے کہا تھا کہ میں ان کو رلاؤں گا یہ ہر پاکستانی کو رلا رہے ہیں، پاکستان کی باگ ڈور نااہل افراد کے ہاتھ میں آگئی ہے جو لے کر آئے وہ بھی پچھتا رہے ہیں، نئے پاکستان میں غریبوں کے لیے آہوں اور سسکیوں کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان عمران خان کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہے، غیر ذمہ دارانہ بیان پر وزیر خزانہ کو فوری مستعفیٰ ہو جانا چاہیے، وزیر خزانہ کی پارلیمنٹ میں جواب طلبی ہونی چاہیے کہ کس کو خوش کرنے کےلیے بیان دیا، وزیر خزانہ کے بیان کے بعد کیا کوئی اس ملک میں پیسا انویسٹ کرے گا، اتنے غیر ذمہ دارنہ بیان کے بعد بھی وزیر خزانہ اپنی سیٹ پر بیٹھے ہیں سمجھ سے باہر ہے۔
دوسری جانب عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کردی ہے، عدالت نے ملزمان کو دوبارہ 18 اپریل کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔