وزیراعظم عمران خان اپنی کابینہ کے ممبران کوترکی میں مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر لے گئے ،تصاویر بھی سامنے آگئیں
وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے جہاں انہوں نے مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری دی ۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان وزیر خارجہ شاہ محمد قریشی ،وزیر خزانہ اسد عمر ،وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار ،مشیر تجارت عبد الرزاق داﺅد سمیت ترکی کے شہر قونیہ
پہنچے جہاں گورنر جنید توپرک ،ڈپٹی میئر اور ترکی میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے ان کا استقبال کیا ۔وزیراعظم عمران خان نے قونیہ پہنچتے ہیں کابینہ ممبران کے ہمراہ مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مولانا رومی کا شمار معروف صوفی بزرگوں میں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ اپنے دورے پر وزیراعظم عمران خان ترک صدر رجب طیب اردگان سے خصوصی ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سے متعلقہ امور پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم انقرہ میں اپنے قیام کے دوران تاجر برادری سے بھی خطاب کریں گے۔