”قوم کو یہ اعتماد ہونا چاہئے کہ اب چاہے امریکہ ہو یا بھارت، افغانستان ہو یا چین ہماری لیڈرشپ۔۔۔“ وزیراعظم کے دورہ جی ایچ کیو کے بعد کامران خان نے ایسی بات کہہ دی کہ پاکستانیوں کی خوشی کی انتہاءنہ رہے گی
وزیراعظم عمران خان کے دورہ جی ایچ کیو پر خبروں اور تبصروں کا سلسلہ جاری ہے تاہم معروف سینئر صحافی کامران خان نے ایسی بات کہہ دی ہے کہ قوم کی خوشی کی انتہاءنہ رہے گی۔
کامران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”وزیراعظم کے جی ایچ کیو میں فوجی قائدین سے 6 گھنٹے طویل ’ہارٹ ٹو ہارٹ‘ بریفنگ صلاح مشورے کے بعد قوم کو یہ اعتماد ہونا چاہئے کہ اب چاہے امریکہ ہو یا بھارت، افغانستان ہو یا چین، ہماری لیڈرشپ ملکی مفاد میں ایک ہی بات کرے گی۔ اندرون ملک بھی پالیسی خلفشار نظر نہیں آئے گا، غیب کا علم صرف اللہ کو۔۔۔“
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کے ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں ان کی آمد کے موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق وزیراعظم عمران خان جی ایچ کیو پہنچے تو ان کے ہمراہ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو دفاع، اندرونی سلامتی اور پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی گئی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا بھی بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ‘آج جی ایچ کیو کا دورہ زبردست رہا، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات پر فخر ہے’۔فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جی ایچ کیو میں تفصیلی بریفنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تمام ریاستی اداروں کے درمیان قریبی روابط اور تعاون کے ذریعے ہم پاکستان کو درپیش چینلجز سے نبردآزما ہوں گے۔