عمران خان کے حلف اٹھانے سے پہلے ہی پنجاب میں ”تبدیلی“ آ گئی، نگران حکومت نے وزراءاور افسران پر ایسی پابندی عائد کر دی کہ ہر پاکستانی خوش ہو جائے گا
عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت بن کر سامنے آئی جو اب حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ میں مصروف ہے۔
عمران خان تبدیلی کے نعرے کیساتھ عام انتخابات میں اترے اور وفاق میں برتری حاصل کی اور اب 11 اگست کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں مگر اس سے پہلے ہی پنجاب میں ”تبدیلی“ آ گئی ہے اور صوبائی وزراءسمیت افسران پر ایسی پابندی عائد کر دی گئی ہے کہ ہر پاکستانی خوشی سے نہال ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی ’نیو نیوز‘ کے مطابق نگران پنجاب حکومت نے تمام صوبائی وزرائ، اراکین اسمبلی اور افسران کے بیرون ملک علاج پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور بیرون ملک دوروں کیلئے بھی کوئی فنڈز نہیں دئیے جائیں گے جبکہ فضائی سفر میں بھی اکانومی کلاس میں سفر کرنا پڑے گا، وزراءکے گھروں کی تزئین و آرائش کے فنڈز پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف محکموں میں پوسٹوں کی اپ گریڈیشن پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب نے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے جس میں خزانے کے منصفانہ اور دانشمندانہ استعمال کیساتھ ساتھ مالی انتظامی امور میں قوانین کی پابندی اور سرکاری معاملات میں فنڈز کے بہتر انداز میں استعمال پر زورد یا گیا ہے۔
مراسلے میں قومی خزانے کے بہتر استعمال کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ محکمہ جات اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے امور سرانجام دیں گے تاہم زیادہ ضرورت پڑنے پر سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے صوبائی کابینہ، سٹینڈنگ کمیٹی اور بجٹ اینڈ فنانس سے اجازت لینا لازمی ہو گی، محکموں کے فنڈز کو کمرشل بنیادوں پر رکھنے پر پابندی بھی ہو گی جبکہ محکمہ خزانہ حکومت پنجاب متعلقہ محکموں کو فنڈز جار ی کرے گا۔