پاکستان پر تنقید وزیراعظم عمران خان ٹرمپ کے خلاف میدان میں آ گئے
وزیر اعظم عمران خان نے ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کے جواب میں امریکی صدر کو آئینہ دکھادیا۔
امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے پاکستان مخالف بیان پر وزیر اعظم عمران خان نے دوٹوک موقف اپنایا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں امریکی صدر کو مخاطب کرکے کہا ”مسٹر ٹرمپ کی تقریر کے بعد ریکارڈ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے تو کوئی پاکستانی نائن الیون میں ملوث نہیں تھا لیکن پاکستان
نے امریکہ کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا۔ دوسری بات ، دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان نے 75 ہزار جانوں کی قربانیاں دیں جبکہ اسے 123 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا، اس کے مقابلے میں امریکی امداد انتہائی معمولی یعنی صرف 20 ارب ڈالر تھی“۔
عمران خان نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ میں پاکستان کے قبائلی علاقے تباہ ہوگئے اور لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے۔ اس جنگ نے عام پاکستانیوں کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ چوتھی بات یہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ کو زمینی اور فضائی راستے بالکل مفت فراہم کیے گئے، کیا مسٹر ٹرمپ کسی اور اتحادی کا نام بتاسکتے ہیں جس نے ایسی قربانیاں دی ہوں؟۔
عمران خان نے واضح کیا کہ امریکہ پاکستان کو اپنی ناکامیوں کیلئے قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے اس بات کا جائزہ لے کہ ایک لاکھ 40 ہزار نیٹو اور ڈھائی لاکھ افغان فوجیوں اور مبینہ طور پر ایک ٹریلین ڈالر کے اخراجات افغانستان میں کیے جانے کے باوجود آخر کیوں آج طالبان پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں؟۔