وزیراعظم کی زرداری کو دھرنے کی دعوت

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو دعوت دیتا ہوں کہ آؤ ڈی چوک پر دھرنا دو، کنٹینر بھی دوں گا اور کھانا بھی دوں گا، دونوں کو چیلنج ہے کہ آپ ایک ہفتہ کنٹینر میں گزار کر دکھا دیں۔

جمرود میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب، حکومت کہیں نہیں جانےوالی آپ جیل جانےوالے ہیں، مولا نا فضل الرحمان الیکشن میں کلین بولڈ ہوگئے، وہ بارہویں کھلاڑی ہیں، ان کی مثال ایسی ہے نہ خود کھیلیں گے نہ کھیلنے دینگے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل کے جلسے میں پی پی پی والوں نے دو دو سو روپے دے کر لوگوں کو بلایا تھا، زرداری سن لو دھرنا جب کامیاب ہوتا ہے جب آپ عوام کے لئے دھرنا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا سارا تجربہ چوری کرنے اور منی لانڈرنگ کرنے کا تھا، جیل سے بچنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت دن کا ساڑھے چھ ارب روپیہ صرف روزانہ قرضوں کے سود کی مد میں ادا کررہی ہے، سالانہ دو ہزار ارب روپیہ صرف قرضوں کی قسطوں کی ادائیگی میں چلے جاتے ہیں، چند مہینوں کے بعد ہم مشکلات سے نکل جائیں گے۔

قبائلی عوام کے نقصانات کے ازالے کی پوری کوشش کریں گے، بیروزگار نو جوانوں کے لئے نوکریاں اور انہیں قرضے فراہم کریں گے، یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے، طورخم کا بارڈر 24 گھنٹے کھولا جائے گا اور لوگوں کو سہولتیں دی جائیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ میرے بیان پر افغانستان میں بہت شورشرابہ ہوا، ہم افغانوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں، ہم وہاں امن کے لئے دعا گو ہیں، اللہ افغانستان کے لوگوں کو امن دے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک بھائی اپنے تجربے سے دوسرے بھائی کو کہہ رہا ہے کہ عبوری حکومت کی زیر نگرانی انتخابات کرائے جائیں، ہم افغان عوام کے خیر خواہ ہیں اور ہم آپ کی بہتری چاہتے ہیں، افغان بھائی میرے مشورے کو نہ لیں، میں تو صرف مشورہ دے رہا ہوں یہ مداخلت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں بجلی اور گیس کی سپلانی کی پوری کوشش کریں گے،عوام سے کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کرنا چاہتے، اگلے دس سال تک ہر سال قبائلی علاقوں میں ترقی کے لئے 100 ارب روپیہ خرچ کریں گے، قبائلی علاقے کے لوگوں کو تعلیم اور کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی اعتبار سے تاریخ کے مشکل ترین وقت سے گزر رہا ہے، کوئی طاقت پاکستان کو عظیم قوم بننے سے نہیں روک سکتی۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.