”عمران خان کو نوبل پرائز دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ۔۔۔“ وسیم اکرم نے حیران کن بیان جاری کر دیا
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کر کے پوری دنیا میں امن کا پیغام دیا تو انہیں نوبل انعام دینے کی مہم شروع ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر شروع ہونے والی اس مہم میں امریکی رائٹر نے بھی حصہ ڈالا جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کرا دی تاہم آج وزیراعظم عمران خان نے خود ہی ایک ٹویٹ میں کہہ دیا کہ وہ نوبل انعام کے حق دار نہیں بلکہ جو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے گا، وہ صحیح حقدار ہو گا۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم بھی بالآخر میدان میں آئے اور وزیراعظم عمران خان کی اس ٹویٹ پر حیران کن جواب دیدیا کہ ہر پاکستانی ان کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔ وسیم اکرم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”جب سے آپ لیڈر بنیں ہیں ہمارے ملک نے عظیم الشان طریقے سے صحیح سمت پکڑ لی ہے۔ عوام مثبت سوچ رہے ہیں اور کئی سالوں بعد پہلی مرتبہ خود کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ کپتان، آپ کو امن کا نوبل انعام دینے کی کوئی ضرورت نہیں، ہماری نظر میں آپ کے پاس یہ پہلے سے ہی موجود ہے۔۔۔“