وزیراعظم عمران خان کا سب سے قابل تحسین اقدام، گھریلو ملازمین پر لگائی گئی شرمناک پابندی ختم کردی

ملک کے پبلک کلبوں اور کئی عوامی مقامات پر انتہائی شرمناک بورڈز آویزاں ہوتے ہیں جن پر لکھا ہوتا ہے کہ ”اس سے آگے گھریلوملازمین اور آیاﺅں کا آنا منع ہے۔“ اب وزیراعظم عمران خان نے ان طبقاتی تفاوت پر مبنی بورڈز کو اکھاڑ پھینکنے کا حکم جاری کر دیا ہے اور گھریلوملازمین کے ان جگہوں پر جانے کی پابندی ختم کر دی ہے۔ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق وزیراعظم نے یہ حکم پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دیا۔

رپورٹ کے مطابق غریب ملازمین کو کئی مقامات سے دور رکھنے کا یہ معاملہ 2017ءمیں اس وقت سامنے آیا جب اسلام آباد کلب میں لگے ایک بورڈ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر لکھا گیا تھا کہ ”گھریلوملازمین اور آیاﺅں کا اس پوائنٹ سے آگے آنا منع ہے۔“ یہی ایک کلب نہیں بلکہ اسلام آباد کے دیگر متعدد کلبوں میں بھی اسی نوعیت کے بورڈز لگے ہوئے تھے۔ ان کلبوں کے ممبران میں اعلیٰ حکومتی عہدیدار، بیوروکریٹس، سیاستدان، سفیر اور دیگر اعلیٰ شخصیات شامل ہیں۔

مذکورہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وزارت انسانی حقوق کو یہ ہدایت بھی کی کہ وہ ملک بھر سے جبری مشقت کا خاتمہ کرنے کے لیے اقدامات کرے۔انہوں نے ادارہ شماریات کو حکم دیا کہ وہ ایک سروے کرے اور چائلڈ لیبر سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرے، جس کے بعدان بچوں کو بنیادی سہولیات اور تعلیم دینے کے لیے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.