اسحاق ڈار عدلیہ کی حکم عدولی کر رہے ہیں اور اب ہم…..، چیف جسٹس سابق وزیر خزانہ کے پیش نہ ہونے پر برہم
ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ،عدالت نے اسحاق ڈار کے وکیل اور وزرات خزانہ کے حکام کو طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں بنچ نے ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس کی سماعت کی، سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کے وکیل اور اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار آئے ہیں،اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیاکہ اسحاق ڈار نہیں آئے ۔ چیف جسٹس پاکستان نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر خزانہ نہ آئے تو پاسپورٹ منسوخ کر دیں گے ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اسحاق ڈار عدالت کے بلانے پر نہیں آئے ،وہ اعلیٰ ترین عدلیہ کی حکم عدولی کر رہے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کا طلب کرنا کوئی مذاق کی بات نہیں ہے،ہر بار اسحاق ڈار کا پرانا میڈیکل سرٹیفکیٹ آجاتا ہے ، چیف جسٹس نے کہا کہ ضرورت پڑی توریڈوارنٹ جاری کرنے پر غور کریں گے ۔