تخت لاہور کی جنگ ، جہانگیر ترین نے جہاڑ اڑا دیا، پہلی ہی فلائٹ میں کتنے آزاد امیدواروں کو اٹھا کر اسلام آباد پہنچ گئے ؟ جان کر شہباز شریف کی پنجاب سے حکومت بنانے کی امیدیں دم توڑ جائیں گی
حالیہ الیکشن کے نتیجے میں مرکز میں تو پی ٹی آئی کو واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے لیکن تختِ لاہورپر تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں کانٹے کا مقابلہ ہے جس میں حتمی کردار آزاد امیدوار ادا کریں گے، اسی لیے دونوں جماعتیں انہیں اپنے ساتھ شامل کرنے کیلئے بھرپور زور لگا رہی ہیں ۔تحریک انصاف کی جانب سے جوڑ توڑ کے ماہر جہانگیر ترین نے بھی آزاد پنچھیوں کا شکار کرنے کیلئے اپنا جہاز اڑا دیا ہے اور پہلے ہی مشن میں 4 امیدواروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پرائیویٹ جہاز پر ملتان پہنچے اور آزاد امیدواروں سے ملاقاتیں کیں۔ لیہ سے رفاقت گیلانی، ڈیرہ غازی خان سے حنیف پتافی، خانیوال سے حسین جہانیاں گردیزی، مظفر گڑھ سے علمدار قریشی اور ملتان سے شاہ محمود
قریشی کو شکست دینے والے سلمان نعیم نے تحریک انصاف میں شمولیت کی یقین دہانی کرادی جس کے بعد جہانگیر ترین 4 امیدواروں کو لے کر علی الصبح اسلام آباد پہنچ گئے۔ سلمان نعیم پی ٹی آئی رہنماﺅں کے ساتھ ان کے جہاز میں تو نہیں گئے تاہم وہ آج (ہفتہ کو) بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کی حمایت حاصل کرنے کیلئے بھی جہانگیر ترین متحرک ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے جمعہ کو ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔ جہانگیر ترین آج ایم کیو ایم رہنماﺅں سے ملاقات کرکے انہیں قومی اسمبلی میں حمایت کیلئے قائل کریں گے۔