جاپان نے بھی پاکستان کیلئے امداد جاری کردی، کتنی رقم اور کہاں پر خرچ کی جائے گی ؟ بڑی خبرآگئی
جاپان نے پاکستان کیلئے 510 ملین جاپانی ین کی امداد فراہم کر نے کا ا علان کر دیا ، یہ رقم پولیو ویکسین کے حصول کے لئے خرچ کی جائے گی جسے19۔2018میں اس موسم کے دوران استعمال میں لایا جائے گا جب پولیو وائرس کی منتقلی کا عمل نسبتاً سست ہوتا ہے۔ اس امدادی رقم کی فراہمی سے متعلق دستاویز پر جاپان حکومت، جاپان کی بین الاقوامی تعاون کی ایجنسی اور یونیسف نے دستخط کرتے ہوئے دستاویز کا باہمی تبادلہ کیا۔
اس سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت محمد عامر کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کا خاتمہ ان کی وزارت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر جاپان کی حکومت اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے پاکستان پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکا ہے۔
جاپان کی حکومت کے عزم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیو کے تدارک کے لئے وزیرِ اعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے کہا کہ کئی برسوں سے جاپان کی حکومت اورعوام ہمارے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے ہیں۔میں اس موقع پر جاپان کی حکومت، عوام اور دیگر تمام معاون اداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جن کے تعاون نے ہمیں گزشتہ چند سال کے دوران اس مقام پر پہنچایا جہاں آج ہم موجود ہیں۔
پاکستان میں جاپان کے سفیر اور مقتدرِ اعلی جناب تاکاشی کرائی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیو دراصل صحت عامہ کا ایک عالمگیر مسئلہ ہے اور انسان کو معذوری سے دوچار کرنے والی اس بیماری کو صرف ویکسین کی مدد سے روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے جاپان کی امداد جاری ہے اور مجھے امید ہے کہ بہت جلد ہم پولیو سے پاک پاکستان کی اس منزل تک پہنچ جائیں گے جو ہمیں بے حد عزیز ہے۔