جے ایف تھنڈر اب مزید خطرناک ہو گیا ،اپ گریڈ کر دیا گیا
پاکستان کے مایہ ناز جنگی طیارے جے ایف تھنڈرز نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور حال ہی میں بھارتی دراندازی کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ کے طیاروں نے دشمن کے دو جہاز گرائے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا اور یہ کامیاب کارروائی جے ایف تھنڈرز سے کی گئی ۔پاکستانیوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے میں تبدیلیاں کرتے ہوئے اسے مزید جدید بنا دیا گیا ہے جو کہ تعمیر کے مراحل سے گزر رہے ہیں ۔
ویب سائٹ ” پرو پاکستانی “ کی رپورٹ کے مطابق چینی قانون دان اور جنگی طیاروں کے چیف ڈیزائنر ” وانگ ژی “ نے انکشاف کیاہے کہ جے ایف 17 بلاک 3 طیاروں کی جنگی قابلیت بڑھاتے ہوئے ہتھیار مزید جدید کر دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے یہ اعلان پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
پرو پاکستانی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ جے ایف 17 بلاک 3 کے طیاروں میں ” ایکٹو الیکٹرانیکلی سکینڈ ارے (AESA) ریڈار اور ہیلمٹ ماﺅنٹڈ سائٹ (HMS ) سسٹم نصب کیا گیا ہے ۔ AESAریڈار سسٹم جے ایف تھنڈر کی دشمن کے طیارے کو طویل فاصلے سے انگیج کرنے اور بیک وقت متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو مزید بڑھا دیتا ہے ۔
ہیلمٹ ماونٹڈ سائٹ ( HMS ) سسٹم پائلٹ کو کسی بھی چیز کو اپنی آنکھوں کے سامنے نشانہ باندھنے کی صلاحیت دیتا ہے جبکہ نئے اور جدید جے ایف تھنڈر طیاروں کے ذریعے پائلٹ دوسرے طیاروں اور دیگر پلیٹ فارم پر بھی معلومات پہنچا نے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔اس کے ذریعے جہاز کی دشمنوں کیخلاف اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ان خصوصیات کے باعث ایف تھنڈر 17 بلاک 3 دراصل جدید ایف سولہ طیارے کا ہم پلہ طیارہ ہے ۔