آج کی بڑی خبر : زینب زیادتی و قتل کیس کے بعد ایک اور جنسی درندگی کا بڑا سکینڈل سامنے آگیا

جڑانوالہ میں بھی بچوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے۔ ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے 8 رکنی گروہ کے سیاہ کرتوت سامنے آ گئے۔ 3ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ متاثرہ بچوں نے چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی، طلال چودھری کہتے ہیں

ملزم جتنے بھی بااثر ہوں، نہیں چھوڑیں گے، معاملہ اٹھانے پر دنیا نیوز کے شکر گزار ہیں۔ ایک اور ویڈیو سکینڈل منظر عام پر آگیا۔ فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں بچوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے۔ 2013 سے جڑانوالہ میں زیادتی اور بلیک میلنگ کے متعدد واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ 8 رکنی گروہ بچوں کی زبردستی ویڈیو بناکر انہیں بلیک میل کرتا ہے لیکن کوئی ایکشن نہیں ہوا۔ ایک متاثرہ لڑکے کہنا تھا متعدد بچے بااثر شخصیات کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے وہ مدد کریں۔ دنیا نیوز نے اس حساس معاملے پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے رابطہ کیا۔ ان کا کہنا تھا ملزم جتنے بھی بااثر ہوں نہیں چھوڑیں گے، معاملہ اٹھانے پر دنیا نیوز کے شکر گزار ہیں۔ایس ایس پی آپریشن فیصل آباد نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ویڈیو سکینڈل میں ملوث کچھ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا وہ دیگر متاثرین سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ان کی بھی ایف آئی آر درج ہوسکے۔بتایا گیا کہ تھانہ سٹی پولیس نے چند ماہ قبل قتل کے مقدمہ نمبر 9بجرم 302درج کیا۔

جس میں ملزم عاقب ، ضیاء ،راشد علی ساکنان62گ ب ، فاران سکنہ 126گ ب کو گرفتار کیا جس میں دوران تفتیش ملزمان سے موبائل فون برآمد ہوا مبینہ طور پر جس میں مختلف بچوں سے جنسی زیادتی کی ویڈیو منظر پر آئیں جس پر پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ نمبر43بجرم 377درج کیا ۔ جس میں کاشف سکنہ 125گ ب، عاقب سکنہ 62گ ب، اعجاز بلا شامل تفتیش ہوئے۔ قبل ازیں تھانہ لنڈیانوالہ پولیس نے مقدمہ نمبر 44بجرم 377درج کیا۔ جس میں ملزمان پائے گئے۔ محلہ محمد بی بی کالونی کے محمد شفیق تھانہ لنڈیانوالہ میں مقدمہ نمبر 44درج کروایا تھا جس میں مدعی نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ ملزمان نے پل جگاتن کے قریب سائل کے بیٹے جس کی عمر 17/18سال ہے کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر پل نہر جگاتن راجے کی ڈھاریاں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ دریں اثناء میڈیا پر خبر نشر ہونے پر آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ نے فوری نوٹس لیا سی پی او فیصل آباداطہر اسماعیل ،ایس پی جڑانوالہ شہباز الٰہی کو ملزمان کو 24گھنٹے میں گرفتار کرنے کی ہدایت کی جس پر ایس ایچ او تھانہ سٹی میاں عابد، ایس ایچ او تھانہ صدر ریاض اٹھوال نے تینوں ملزمان عاقب، راشد، کاشف وغیرہ کو گرفتار کر لیا ‘ تفتیش جاری۔ انسانی حقوق کی تنظیموں ، سماجی و مذہبی راہنمائوں نے قصور سکینڈل کے بعد جنسی سکینڈل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کر نے کا مطالبہ کیا۔(ف،م،م)

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.