’اگر آپ کے جسم میں اس چیز کی زیادہ مقدار موجود ہو تو کینسر کا خطرہ بہت کم ہوجاتا ہے‘ تازہ تحقیق میں سائنسدانوں نے صحت کا سب سے اہم راز بتادیا

جاپانی سائنسدانوں نے اپنی ایک حالیہ تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ انسانی جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب مقدار موجود ہو تو کئی اقسام کے کینسر سے بچاﺅ میں بہت مدد ملتی ہے۔ میڈیکل سائنس کے جریدے ’بی ایم جے‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تحقیق اس نظریے کو سپورٹ فراہم کرتی ہے کہ وٹامن ڈی بعض اقسام کے کینسر کو روکنے اور ان سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
انسانی جسم پر سورج کی روشنی پڑنے سے وٹامن ڈی قدرتی طور پر بنتا ہے۔ اگر جسم میں کیلشیم کی مناسب مقدار بھی موجود ہو تو وٹامن بی کی مدد سے انسانی ہڈیاں، دانت اور عضلات مضبوط اور صحت مند رہتے ہیں۔ ہڈیوں کے لئے فوائد کے علاوہ بعض بیماریوں سے حفاظت اور خصوصاً بعض اقسام کے کینسر کے خلاف مزاحمت وٹامن ڈی کو انسانی جسم کے لئے غیر معمولی افادیت کا حامل وٹامن بناتے ہیں۔

حالیہ تحقیق کے دوران 40 سے 69 سال عمر کے 33736 افراد کی میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں مختلف اقسام کے کینسر کی موجودگی یا خدشے کے بارے میں ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ان کے خون کے نمونے لے کر اس میں وٹامن ڈی کی مقدار کا معائنہ کیاگیا۔ ان ہزاروں افراد کا طبی مشاہدہ 16 سال تک جاری رہا جس کی بنیاد پر نتیجہ اخذ کیا گیا کہ وٹامن ڈی کی موزوں مقدار جسم میں موجود ہو تو متعدد اقسام کے کینسر کا خدشہ 20 فیصد کم ہوجاتاہے۔ وٹامن ڈی کی بدولت جگر کے کینسر کا خدشہ دیگر اقسام کی نسبت اور بھی کم یعنی 50 فیصد کم پایا گیا۔ پھیپھڑوں اور پراسٹیٹ کے کینسر کے لئے وٹامن ڈی کے نمایاں اثرات نہیں دیکھے گئے جبکہ کسی بھی کیس میں وٹامن ڈی کے کینسر کے مریضوں پر منفی اثرات بھی نہیں دیکھے گئے۔ یاد رہے کہ ہڈیوں میں ٹوٹ پھوٹ، دل کی بیماری، کولوریکٹل کینسر، ذیا بیطس، ڈپریشن، الزائمرز اور دیگر کئی ایسی بیماریوں سے حفاظت کے لئے وٹامن ڈی کی افادیت پہلے ہی ثابت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.