سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانے سے پہلے ہی جج کو تبدیل کردیا گیا

بھارتی سپرسٹار سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ آج دوپہر 2بجے سنایا جائے گا،بھارتی میڈیا کے مطابق جودھ پور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے جج روندا کمار جوشی نے آج سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانا تھا تاہم اس سے قبل جج کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ راجستھان ہائیکورٹ نے جج روندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججز کے تبادلے کردیئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سلمان خان کو سزا سنانے والے جج دیو کمار کھتری کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ججز کے تبادلے معمول کی کارروائی ہے اور ہر سال 15 سے 30 اپریل کے دوران راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سے تبادلے کیے جاتے ہیں۔بھارتی میڈیا کی جانب سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانے والے جج کے تبادلے کے باعث اداکار کو مزید کچھ راتیں جیل میں گزارنا پڑ سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار کو بھارتی عدالت نے 20 سالے پرانے کیس میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جس پر سلمان خان نے اعلیٰ عدلیہ میںضمانت کیلئے درخواست دائر کی تھی، عدالت نے بالی ووڈ اداکار کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے جو آج سنایا جائے گا،سلمان خان کی درخواست ضمانت کوآج کی فہرست میں15نمبر پر رکھا گیا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.