عمران خان نے انہونی کو ہونی کردکھایا، سب سے بڑی مخالف جماعت جے یو آئی بھی تعریف پر مجبور ہوگئی
تحریک انصاف کی بالعموم اور عمران خان کی بالخصوص سب سے بڑی مخالف جماعت جے یو آئی کی جانب سے وزیر اعظم کی تعریف کی گئی ہے۔
جمعیت علماءاسلام (جے یو آئی ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالواسع کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کی گئی۔ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو جوجواب موجودہ حکومت نے دیا اس پر ستائش کرتے ہیں۔ مولانا عبدالواسع نے مطالبہ کیا کہ خارجہ پالیسی ایوان میں زیر بحث لائی جائے ۔
واضح رہے کہ جمعیت علماءاسلام کو عمران خان کی سب سے بڑی مخالف سیاسی جماعت کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کیونکہ عمران خان اور مولانا فضل الرحمان نے جس طرح ایک دوسرے پر الزامات لگائے ہیں اس کے بعد بظاہر تو یہی لگتا ہے دونوں میں صلح کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے انہیں ٹوئٹر پر بھرپور جواب دیا تھا۔ عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر پر جواب کے بعد ٹرمپ نے دوبارہ پاکستان پر ایک ٹویٹ کے ذریعے الزامات لگائے تھے جس پر عمران خان نے انہیں ٹوئٹر پر ہی دوبارہ بھرپور جواب دیا تھا۔ عمران خان اور ٹرمپ کی ٹوئٹر پر ہونے والی بحث کو دنیا بھر کے میڈیا میں بھرپور کوریج دی گئی تھی۔