ہر جمعرات کو لوگوں کو بے وقوف بنا کر لاکھوں روپے لوٹنے والا پکڑا گیا، کیا کرتا تھا؟
جرائم کی دنیا میں جعلسازوں کا الگ ہی مقام ہے۔ ان کے جرائم پر ایک نظر ڈالیں تو ایک سے بڑھ کر ایک جینئیس نظر آتا ہے۔ ایک ایسا ہی شیطانی جینئیس متحدہ امارت میں پکڑا گیا ہے جس کے طریقہ واردات نے ہر کسی کو حیران کر دیا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق اس شعبدہ باز نے مہنگی گاڑیاں خرید کر رقم دئیے بغیر غائب ہونے کا سلسلہ ایک عرصے سے شروع کر رکھا تھا۔ اس مقصد کے لئے وہ انتہائی چالاکی سے کام لیتے ہوئے جمعرات کی دوپہر کو چیک جاری کرتا تھا کیونکہ تب تک بینک ہفتہ وار تعطیل کے لئے بند ہو چکے ہوتے تھے اور اسے غائب ہونے کے لئے کافی وقت مل جاتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم اعلیٰ قسم کا لباس زیب تن کرتا، اپنے ساتھ دو ملازمین اور ایک غیر ملکی ڈرائیور کو رکھتا اور مہنگا موبائل فون ہاتھ میں تھامے گاڑی خریدنے کے لئے پہنچ جاتا تھا۔ وہ رقم کی ادائیگی چیک کے ذریعے کرتا تھا لیکن چیک اس وقت جاری کرتا تھا جب بینک ہفتہ وار تعطیل کے لئے بند ہو چکے ہوتے تھے۔ عموماً وہ اپنے شکار کو کامیابی سے دھوکہ دینے کے لئے ازراہ معذرت گاڑی کی اصل قیمت سے کچھ زیادہ رقم کا چیک لکھ دیتا تھا تا کہ اسے کسی بھی مزاحمت کا سامنا نا کرنا پڑے۔ اس عیاری ومکاری سے کام لیتے ہوئے وہ اب 90 جعلی چیک جاری کر چکا تھا۔ ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور اس کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔