”ایک سید زادہ میرے پاس آیا اور حضور ﷺ کا یہ پیغام دیا ، اس کے بعد میں نے آج تک اس شخص کو دوبارہ نہیں دیکھا“ خادم رضوی کو کیا پیغام دیا گیا؟ تحریک لبیک کے سربراہ نے اب تک کا سب سے بڑا دعویٰ کردیا

تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایک سیدزادے کے ذریعے حضور علیہ الصلوٰة والسلام نے پیغام بھیجا کہ انہیں حضور نے خود کرسی پر بٹھایا ہوا ہے ۔
ایک تقریب میں علامہ خادم رضوی خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران قریب بیٹھا ایک شخص اٹھا اور مائیک میں کہا ’کسی دن نعرہ لگاتے لگاتے بابا جی بھی کھڑے ہوجائیں گے‘۔ خادم رضوی نے اس شخص کی بات کے جواب میں کہا کہ وہ ایک راز کی بات بتانا چاہتے ہیں جو آج تک انہوں نے کسی سے بھی نہیں کہی۔

علامہ خادم رضوی نے کہا کہ ایک دفعہ ان کے پاس ایک سید زادے آئے اور کہا کہ وہ ان کے پاس حضور ﷺ کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ ”سید زادے نے کہا کہ حضورﷺ نے اسے کہا ہے کہ جا کر خادم رضوی کو کہہ دو کہ جو کام کر رہے ہو اس سے پیچھے نہ ہٹنا ورنہ نقصان ہوجائے گا، سید زادے نے کہا کہ اس نے حضور ﷺ سے عرض کی کہ حضور خادم رضوی تو چل نہیں سکتا جس پر حضور ﷺ نے فرمایا کہ ہم نے اسے خود بٹھایا ہوا ہے“۔علامہ خادم رضوی نے کہا کہ وہ سید اتنا پیغام دے کر غائب ہوگیا اور اس کے بعد آج تک دوبارہ نظر نہیں آیا۔
علامہ خادم رضوی نے بات کو مزید آگے بڑھایا اور کہا کہ ختم نبوت کا کام کرتے کرتے لوگوں نے انہیں حضور ﷺ کے 2 موئے مبارک بھی دیے ہیں جو انہوں نے ایک جگہ پر رکھ دیے ہیں۔ خادم رضوی نے کہا کہ جب وہ حضور ﷺ کے موئے مبارک دیکھنے لگے توان کی آنکھیں بند ہوگئیں، ’کتے کا کام پہرہ دینا ہوتاہے، میں نے موئے مبارک کو ایک جگہ رکھ دیا ہے اور انہیں جہاں رکھا ہوا ہے وہاں میں ڈر کی وجہ سے وہاں جاتا ہی نہیں ہوں کیونکہ میرے اوپر ان کی بہت زیادہ ہیبت طاری ہوجاتی ہے اس لیے ایک لڑکے کو بھیج کر صفائی وغیرہ کرادیتا ہوں اور جب کبھی جاتا بھی ہوں تو فوری طور پر بھاگ آتا ہوں‘۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.