” کہیں ٹریفک بلاک یا کوئی عوام کی املاک کو نقصان پہنچاتا نظر آئے تو ۔۔۔“ علامہ خادم رضوی کی گرفتاری کے بعد حکومت پنجاب نے عوام کے نام اہم پیغام جاری کردیا
علامہ خادم حسین رضوی سمیت تحریک لبیک کی مرکزی قیادت کی گرفتاری کے بعد ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شہباز گل نے عوام کے نام اہم پیغام جاری کردیا ۔
شہباز گل نے ایک ویڈیو پیغام میں عوام سے درخواست کی ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں ۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرکے کہا کہ کسی بھی جگہ پر ٹریفک جام نہیں ہے۔ اگر کوئی شخص ٹریفک کو بلاک کرتا یا عوام کی املاک کو نقصان پہنچاتا نظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر ون فائیو (15) پر دی جائے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ خادم رضوی کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے ساتھ ایسے تمام لوگ جو امن و امان کی صورتحال میں خلل ڈال رہے تھے انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعظم کی ہدایت پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتاریاں بڑی تعداد میں کی گئی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کے گزشتہ دھرنے میں غریبوں کا نقصان ہوا اور لوگوں کو مارا پیٹا گیا اور ان تمام کاموں میں ہمارے پیارے نبی ﷺ کا نام استعمال کیا گیا لیکن اب کسی شخص کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔