وزیر اطلاعات فواد چودھری نے خادم رضوی کی گرفتاری کی اصل وجہ بتا دی
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کو ہڑتال کی کال واپس نہ لینے پر حفاظتی تحویل میں لیکر مہمان خانے منتقل کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں فواد چودھر ی نے کہا کہ خادم حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لیکر مہمان خانے منتقل کردیاہے ، کارروائی تحریک لبیک کی جانب سے 25نومبر کو احتجاجی کال واپس نہ لینے پر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال اور املاک کی حفاظت کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ کارروائی کا آسیہ بی بی کے مقدمے سے کوئی تعلق نہیں ہے ، تحریک لبیک مسلسل عوام کے جان و مال کےلئے خطرہ بن گئی ہے اور مذہب کی آڑ لے کر سیاست کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے عوام پر امن رہیں اور حکام سے تعاون کریں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ حکومت نے تحریک لبیک کی قیادت کو قائل کرنے کیلئے اپنی بہترین کوشش کی مگر انہوںنے انکار کردیا اور لوگوں کو احتجاج پر اکسانے لگے، فواد چودھری نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نبی کریم کی حرمت اورناموس کی ذمہ دار ہے ،ان کا کہناتھا کہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا اس کو کسی پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔