دنیا کے خطرناک ترین ممالک کی فہرست جاری ، پاکستان کون سے نمبر پر آیا ؟ جانئے
دنیا بھر کے ممالک کے بارے میں جب بھی کوئی رپورٹ سامنے آئی ہے ہمیں مایوسی ہی ہوئی ہے۔ تو اب یہ امید کیسے کریں کہ کوئی اچھی خبر آئی ہو گی۔ جی ہاں، دنیا کے خطرناک ترین ممالک کی عالمی فہرست سامنے آ گئی ہے، اور بدقسمتی سے ایک بار پھر ہمارا شمار اُن ملکوں کے ساتھ کیا گیا ہے جن کا نام سن کر ہی لوگ کانوں کا ہاتھ لگانے لگتے ہیں۔
یہ ’’انٹر ایکٹو ٹریول رسک میپ‘‘ کے نام سے جاری کی جانے والی سالانہ رپورٹ ہے جس میں ایک نقشے کی صورت میں دکھایا جاتا ہے کہ روڈ سیفٹی، سیکیورٹی اور طبی سہولیات کے لحاظ سے کون سے ممالک خطرناک ترین ہیں اور کونسے محفوظ ترین ہیں۔ سیکیورٹی کے معاملات کی بات کی جائے تو بدترین ممالک افغانستان ، شام ، یمن ، لیبیا ، صومالیہ ، جنوبی سوڈان اور مالی ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان کی پوزیشن ان ممالک کی نسبت کچھ ہی بہتر بتائی گئی ہے، یعنی بدترین تو نہیں البتہ اس سے صرف ایک درجہ بہتر سکیورٹی والے ممالک میں پاکستان کا نام شامل ہے۔
صحت کے خطرات کے لحاظ سے سر فہرست ممالک جنوبی سوڈان ، نائجر ، آئیوری کوسٹ اور سیرا لیون ہیں۔ اس فہرست میں ہمارا نام سب سے نیچے والے ممالک میں شامل ہے۔ اور روڈ سیفٹی کے لحاظ سے سب سے خطرناک ممالک برازیل ، بولیبیا ، سعودی عرب ، ایران اور قازقستان ہیں۔ یہاں بھی ہماری پوزیشن تشویشناک ہی کہی جا سکتی ہے۔
سب عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے مجموعی خطرے کی بات کی جائے تو افغانستان اور صومالیہ دنیا کے خطرناک ترین ممالک قرار دیئے گئے ہیں۔ اس کے برعکس دنیا کے محفوظ ترین ممالک انگلینڈ ، ناروے اور آئس لینڈ کو قرار دیا گیا ہے۔
’’انٹر ایکٹو ٹریول رسک میپ‘‘ ہر سال تحقیقاتی ادارے انٹرنیشنل ایس او ایس اور کنٹرول رسکس کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے، جس کا مقصد بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو آگاہ کرنا ہوتا ہے کہ کون سی جگہیں سفر کیلئے محفوظ ہیں اور کون سی جگہیں خطرات سے بھری ہوئی ہیں۔