خاتون کی ضد کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار
جناح ٹرمینل سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں نومولود بچے کے ہمراہ سوار خاتون کی ضد کی وجہ سے پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق لاہور جانے والی قومی ائرلائن کی پرواز پی کے 304 اس وقت ٹیک آف پوائنٹ سے واپس بلوائی گئی، جب خاتون مسافر نے عملے کے ساتھ بدتمیزی شروع کردی۔ شور شرابے کی وجہ سے جہاز میں سوار دیگر مسافروں نے خاتون کے ہمراہ سفر کو سیفٹی ایشو قرار دے کر خاتون کو جہاز سے آف لوڈ کرنے کا مطالبہ کیا اسی بنا پر کپتان نے طیارے کو واپس جیٹی پر لگا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون مسافر کے پاس اکانومی کا ٹکٹ تھا مگر وہ اپنے نومولود بچے کے ساتھ بزنس کلاس میں جابیٹھی اور جہاز کے کپتان کی ہدایت کے باوجود سیٹ چھوڑنے پر آمادہ نہیں ہوئی۔
اس دوران عملے کی جانب سے دوسرے مسافر کے لیے بک سیٹ خالی کرنے کے اصرار پر خاتون نے عملے کے ساتھ بحث کے دوران نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے۔ اس تمام معاملے کے دوران جہاز میں سوار 150 دیگر مسافروں کو مسلسل تاخیر کا سامنا رہا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مذکورہ واقعے کی وجہ سے پرواز کی روانگی میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہوئی بعد ازاں خاتون کو نومولود بچے سمیت آف لوڈ کر کے پرواز لاہور روانہ کردی گئی۔