خاور مانیکا سے تنازع پر ڈی پی او پاکپتن کا تبادلۂ، وزیر اعظم بھی میدان آ گئے
وزیراعظم عمران خان نے خاور مانیکا سے تنازع پر ڈی پی او پاکپتن کا تبادلہ ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو گارڈز سمیت روکنا پاکپتن پولیس کے سربراہ کو مہنگا پڑگیا، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کا تبادلہ کردیا،خاور مانیکا کو 23 اگست کو گارڈز سمیت پولیس نے ناکے پر روکا لیکن خاور
مانیکا نے گاڑی نہ روکی اور آگے نکل گئے، جس پر پولیس اہلکاروں نے پیچھا کرکے ان کی گاڑی روکی تو پولیس اہلکاروں اور خاور مانیکا کے گارڈز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔گاڑی کا پیچھا کرنے اور گارڈز سے تلخ کلامی پر خاور مانیکا ناراض ہوگئے۔ذرائع کے مطابق خاتون اول بشریٰ عمران خان کی مداخلت پر آر پی او اور ڈی پی او کو وزیر اعلٰی ہاؤس طلب کیا گیا اور خاور مانیکا سے ان کے ڈیرے پر جاکر معافی مانگنے کا کہا گیا۔ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل نے
معذرت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب غلطی نہیں کی تو معذرت کیسی؟ رضوان گوندل نے وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کو بھی اپنے اسی موقف سے آگاہ کیا تاہم سارے معاملے کے بعد ڈی پی او پاکتن کا تبادلہ کر دیا گیا اس حوالے سے پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا
ہے کہ آئی جی پنجاب کلیم امام نے ڈی پی او پاکپتن کے بارے میں خفیہ انکوائری کرائی وہ غلط بیانی کے مرتکب پائے گئے جس پر ان کا تبادلہ کردیا گیا جبکہ کسی دباؤ کے تحت یہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔اطلاعات کے مطابق میڈیا پر خبریں جاری ہونے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔