” آپ زیادتی کر رہے ہیں عباسی صاحب “ خواجہ آصف نے شاہد خاقان عباسی کو یہ بات کیوں کہی ؟ جانئے
تحریک انصاف کی جانب سے سادگی کا نعرہ اپنایا گیا جس کے تحت حکومت نے وزیر اعظم ہاﺅس کی بھینسیں اور سرکاری گاڑیاں نیلام کردیں تاکہ اضافی اخراجات سے بچا جائے۔ حکومت کے اس اقدام پر اپوزیشن کی جانب سے کڑی تنقید کی جارہی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر حکومت کی سادگی مہم کا مذاق بھی اڑایا جارہا ہے جس کا عملی مظاہرہ خواجہ آصف کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کو دیکھ کر بھی لگایا جاسکتا ہے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر کھل کر تنقید کی ۔ شاہد خاقان عباسی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ” اگر ملک گاڑی بیچنے سے چلتا ہے تو حکومت کامیاب جارہی ہے“۔
شاہد خاقان عباسی کی جانب سے گاڑیوں کی فروخت کی بات کیے جانے پر خواجہ آصف نے ٹوئٹر پر سابق وزیرا عظم کو کہا کہ وہ زیادتی کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے بھینسوں کا ذکر تو کیا ہی نہیں ۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سادگی مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کی 8 بھینسیں بھی نیلام کی تھیں اور خواجہ آصف کی جانب سے شاید اسی اقدام پر حکومت پر مزاحیہ انداز میں تنقید کی گئی ہے۔