”اگر وزیراعظم میرا یہ کام کر دیں تو میں ڈیم فنڈ میں 10 کروڑ روپے دوں گا اور۔۔۔“ کویت میں مقیم پاکستانی نے ایسا مطالبہ کر دیا کہ جان کر آپ کو بھی ان سے ہمدردی ہو گی

وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیمز بنانے کیلئے فنڈ دینے کی اپیل کی تو دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے ان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے رقوم بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے مگر کویت میں مقیم ایک پاکستانی نے وزیراعظم سے ایسی اپیل کر دی ہے کہ جان کر آپ کو بھی ان کیساتھ بے حد ہمدردی ہو گی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں محمود اشرف نامی پاکستانی کا کہنا ہے کہ میں گزشتہ 40 سال سے کویت میں مقیم ہوں اور محب وطن اوورسیز پاکستانی ہوں۔ کل میں نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر سنی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈیم بنانے کی ضرورت ہے اور اوورسیز پاکستانیوں سے انہوں نے تعاون کی اپیل کی ہے۔

میں اس میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنا چاہتا ہوں لیکن میرے اور میرے بچوں کے پاکستان میں 9 پلاٹس ہیں جن پر قبضہ گروپوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، اگر حکومت مجھے میرے پلاٹس واپس لے کر دے تو میں حلفیہ بیان دیتا ہوں کہ انہیں فروخت کر کے اس میں سے 10کروڑ روپے ڈیم فنڈ میں عطیہ دوں گا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کو یہ یقین دلایا جائے کہ حکومت ان کے جان و مال کی حفاظت کرے گی۔

محمود اشرف کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور انہیں کسی اور ملک میں پیسے لگانے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ میری وزیراعظم عمران خان سے صرف یہ اپیل ہے کہ جس طرح وہ اوورسیز پاکستانیوں سے محبت کرتے ہیں، اوورسیز بھی ان سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں لہٰذا ان کیلئے اچھے سے اچھے قوانین بنائے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.